دوسرے ٹی20 میں نیوزی لینڈ 90 رنز پر ڈھیر، پاکستان 7 وکٹوں سے کامیاب

20 اپريل 2024
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ عامر، شاداب اور ابرار نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ عامر، شاداب اور ابرار نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی
فوٹو بشکریہ پی سی بی
فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان نے باؤلر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی20 میچ میں باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور پوری ٹیم صرف 90 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور اننگز کے تیسرے اوور میں 16 کے مجموعی اسکور پر ٹم سیفرٹ صرف 12 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئے۔

شاہین نے میچ میں تین وکٹیں لیں— فوٹو: پی سی بی
شاہین نے میچ میں تین وکٹیں لیں— فوٹو: پی سی بی

ابھی کیوی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں محمد عامر نے ٹم رابنسن کی اننگز کا خاتمہ کرنے کے بعد اپنے اگلے اوور میں ڈین فاکس کرافٹ کو چلتا کردیا۔

36 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد مارک چیپمین کا ساتھ دینے جیمز نیشام آئے لیکن اننگز کے آٹھویں اوور میں ابرار احمد نے یکے بعد دیگرے دو کامیابیاں دلاتے ہوئے سب سے زیادہ 19 رنز بنانے والے چیپمین کے ساتھ ساتھ نیشام کو بھی پویلین رخصت کردیا۔

کپتان مائیکل بریسویل بھی صرف چار رنز ہی بنا سکے اور شاداب نے کیوی کپتان کے ساتھ ساتھ اش سودھی کو بھی چلتا کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔

شاہین شاہ آفریدی نے کول میک کونچی اور بین لسٹر کو پویلین لوٹا کر نیوزی لینڈ کی اننگز کا 90 رنز پر خاتمہ کردیا۔

میچ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا— فوٹو: پی سی بی
میچ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ عامر، شاداب اور ابرار نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی گیند پر صائم ایوب نے چوکا رسید کیا لیکن اگلی ہی گیند پر بین لسٹر نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے اوردونوں نے مل کر اسکور کو 41 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر کپتان بابر کی 14 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔

عثمان خان بھی کوئی خاص تاثر قائم نہ کر سکے اور سات رنز بنانے کے بعد اش سودھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

56 رنز پر تین وکٹیں دینے کے بعد رضوان کا ساتھ دینے عرفان خان نیازی آئے اور دونوں نے مزید کسی نقصان کے اپنی ٹیم کو اسکور تک رسائی دلا کر 7 وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

رضوان نے 41 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
رضوان نے 41 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

رضوان نے 34 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عرفان نے 18 رنز بنائے۔

13 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے والے شاہین کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان نے میچ کے لیے گزشتہ میچ کی فائنل الیون کو برقرار رکھا ہے۔

میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، صائب ایوب، افتخار احمد، عرفان خان، عثمان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، ابرار احمد۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں