• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:32pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:33pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:32pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:33pm

خیبرپختونخوا: اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس ٹیم پر حملہ، 2 اہلکار جاں بحق

شائع October 29, 2024
— فائل فوٹو : آن لائن (لوپ ویب سائٹ)
— فائل فوٹو : آن لائن (لوپ ویب سائٹ)

خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے جبکہ جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد مارے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ صبح کے وقت پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔

پولس کا کہنا تھا کہ بعد ازاں، زخمی ہونے والے پولیس اہلکار نے بھی دم توڑ دیا، جس کے بعد جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 2 ہو گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نذیر خان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں نے دلیری سے مقابلہ کیا اور پولیس کی فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

صدر آصف زرداری، وزیر داخلہ کا اظہار مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اورکزئی میں انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

صدر مملکت آصف زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کی بہادری، جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثنا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے اورکزئی کے علاقے میں پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کےحملےکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نےجرات سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی زندگیاں قربان کردیں لیکن پولیو ٹیم پر آنچ نہیں آنے دی، مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا پولیو ٹیم پر حملہ پاکستان کے محفوظ مستقبل پر حملہ ہے، قوم بہادر پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔

کوہاٹ میں حملہ ناکام بنا دیا گیا

دوسری جانب، کوہاٹ تھانہ ملز ایریا کی حدود میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے پولیو ٹیم حفاظت پر مامور پولیس پر فائرنگ کردی، تاہم پولیس کے جوانوں نے کوئیک رسپانس کرکے حملہ ناکام بنا دیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بروقت جوابی کارروائی سے ملزمان موٹر سائیکل اور موبائل چھوڑ کر قریبی آبادی میں روپوش ہو گئے، حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

سیکیورٹی خدشات پر 6 اضلاع میں پولیو مہم ملتوی

ادھر، سیکیورٹی خدشات پر 6 اضلاع میں پولیو مہم ملتوی کر دی گئی۔

پولیو حکام نے بتایا کہ مہم کل 28 اکتوبر سے شروع ہوئے، جسے ملتوی کر دیا گیا ہے، مزید کہنا تھا کہ ضلع کرم، جنوبی وزیرستان، اپر، لوئر وزیرستان میں مہم ملتوی کی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ بنوں اور شمالی وزیرستان میں بھی پولیو مہم نہیں ہو گی، مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد مہم وبارہ شروع کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 6 نومبر 2024
کارٹون : 5 نومبر 2024