بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان نے جوابی فیصلوں سے آگاہ کیا
پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان نے بھارت کو اپنے جوابی فیصلوں سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا، بھارتی ناظم الامور گیتکا سری واستو کو دفتر خارجہ طلب کرکے فیصلوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی ناظم الامور گیتکا سری واستو کو طلب کیا گیا۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے ایک ڈی مارش بھی بھارتی ناظم الامور کے حوالے کیا، گیتکا سری واستو کو باضابطہ تحریری طور پرپاکستانی فیصلوں سے آگاہ کیا، فیصلے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس میں کیے گیے ہیں۔
یہ فیصلے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں سول و عسکری قیادت کی ہدایات کی روشی میں کیے گیے ہیں۔
سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمشن کے ڈیفنس، ائیر اور نیول اتاشی کو ناپسندیدہ قرار دینے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں، بھارتی ڈیفنس، نیول اور ائیر اتاشی و سپورٹنگ اسٹاف کو پاکستان چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی ناظم الامور کو سفارتی تعلقات نچلی سطح پر لانے کے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا اور بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کو 30 افراد تک محدود کرنے کے فیصلے کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
بھارتی ناظم الامور کو سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھورنے اور واہگہ چیک پوسٹ بند کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پاکستان نے بھارت کو باضابطہ تمام بھارتی کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کرنے کے فیصلے اور پاک بھارت تجارت بشمول بلواسطہ تجارت کی معطلی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی یک طرفہ معطلی کے جواب میں شملہ و دیگر پاک بھارت معاہدے معطل کرنے کے امکانات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں منگل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ روز سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جبکہ واہگہ بارڈرکی بندش اور اسلام باد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اپنے ملٹری اتاشی کو وطن واپس بلانے کے علاوہ پاکستان میں تعینات سفارتی عملے کی تعداد میں بھی کمی کردی تھی۔
بعد ازاں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔