فیکٹ چیک: پاکستان کو دھمکانے کی ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو جعلی ہے
بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کو دھمکائے جانے کی ویڈیو جعلی ہے، ان کی پرانی ویڈیو کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے بنایا گیا۔
غلط دعویٰ
خبر رساں ادارے ’ایجنسی پریس فرانس‘ (اے ایف پی) کے مطابق بھارتی سوشل میڈیا اور میڈیا کے متعدد اداروں کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی جعلی ویڈیو کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے، جس میں وہ پاکستان کو دھمکی دیتے سنائی دیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ڈونلڈ ٹرمپ کی شیئر کردہ جعلی ویڈیو میں انہیں پاکستان کو دھمکاتے سنا جا سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ ویڈیو میں کہتے سنائی دیتے ہیں کہ نریندر مودی ان کے دوست ہیں، بھارت ان کا دوست ملک ہے۔
امریکی صدر مزید سنائی دیتے ہیں کہ اگر پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا تو وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے، وہ پاکستان پر حملہ کردیں گے۔
فیکٹ چیک، ویڈیو کی حقیقت
بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو جعلی ہے اور وہ 9 سال پرانی ویڈیو ہے، جس میں اے آئی کے ذریعے تبدیلیاں کرکے اسے دوبارہ شیئر کیا گیا۔
امریکی صدر کی ستمبر 2016 کی ویڈیو کو اے آئی کے ذریعے تبدیل کرکے اسے پھیلایا گیا۔
اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر کی ویڈیو میں اے آئی آڈیو ڈیٹیکشن کی تصدیق بھی ہوئی۔
اصل ویڈیو کو اس پر کلک کرکے دیکھا جا سکتا ہے۔
رد عمل
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر حملے کی صورت میں پاکستان پر حملہ کرنے کی ویڈیو بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر کئی صارفین خوش دکھائی دیے، تاہم درجنوں صارفین نے نشاندہی بھی کی کہ ویڈیو جعلی ہے۔
حالیہ پاک - بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر جعلی خبروں، ویڈیوز اور تصاویر کی بھرمار ہے، جن میں پاکستان پر حملوں اور پاکستان کو تباہ کرنے کے بے بنیاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔