یہود مخالف متنازع پوسٹ پر تنقید، گیری لائنکر کا بی بی سی سے استعفے کا اعلان
انگلینڈ کے سابق فٹبال کپتان اور بی بی سی کے معروف اینکر گیری لائنکر نے اعلان کیا ہے کہ وہ 25-2024 سیزن کے اختتام پر بی بی سی سے استعفیٰ دے دیں گے۔
ان کا یہ فیصلہ ایک متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں اینٹی سیمیٹک (یہود مخالف) مواد شامل تھا۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق لائنکر بی بی سی کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اینکر ہیں اور انہیں 2026 کے فیفا ورلڈ کپ اور آئندہ سیزن کے ایف اے کپ کی کوریج کے لیے فرنٹ پر رکھا گیا تھا۔ تاہم، اب اتوار کو پریمیئر لیگ کے سیزن کے آخری دن نشر ہونے والا ’میچ آف دی ڈے‘ ان کا بی بی سی پر آخری شو ہوگا۔
بی بی سی نے ایک باضابطہ بیان میں کہا کہ ’گیری لائنکر 2024/25 سیزن کے اختتام پر ’میچ آف دی ڈے‘ کے بعد عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے اور 2026 ورلڈ کپ یا اگلے ایف اے کپ سیزن کی کوریج کا حصہ نہیں ہوں گے۔‘
قبل ازیں لائنکر نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جس میں چوہے کی تصویر تھی، جو تاریخی طور پر یہودیوں کی توہین کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
تاہم انہوں نے پوسٹ کو فوراً حذف کر دیا اور یہ کہتے ہوئے معذرت کرلی تھی کہ انہوں نے کبھی جان بوجھ کر یہود مخالف مواد شیئر نہیں کیا ہے۔
مزید برآں پیر کو جاری کیے گئے ایک علیحدہ بیان میں گیری لائنکر نے وضاحت کی کہ وہ اس تصویر کے ساتھ منسلک نفرت انگیز مفہوم سے لاعلم تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس غلطی اور اس سے ہونے والی تکلیف کو تسلیم کرتا ہوں اور اس پر دلی افسوس کا اظہار کرتا ہوں، اس عہدے سے سبکدوش ہونا ذمہ داری کا مظاہرہ ہے۔‘
گیری لائنکر کے مطابق ’فٹبال میری زندگی کا مرکز رہا ہے، چاہے وہ میدان میں ہو یا اسٹوڈیو میں، مجھے اس کھیل سے اور بی بی سی کے ساتھ اپنے کام سے گہرا لگاؤ ہے۔‘
انہوں نے اعادہ کیا کہ وہ دوبارہ کبھی بھی جان بوجھ کر یہود مخالف مواد شیئر نہیں کریں گے، کیونکہ یہ ان تمام اصولوں کے خلاف ہے جن پر وہ یقین رکھتے ہیں۔