خواہش ہے بیٹی کی زندگی پر فلم بنے، والدہ مرحوم ماڈل زارا عابد
مئی 2020 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے طیارہ حادثے میں فوت ہونے والی ماڈل زارا عابد کی والدہ نے خواہش ظاہر کی ہے کہ ان کی بیٹی کی زندگی پر فلم بنائی جانی چاہیے۔
زارا عابد 22 مئی 2020 کو لاہور سے کراچی آنے والے پی آئی اے کے طیارے کے تباہ ہونے سے چل بسی تھیں۔
پی آئی اے کا طیارہ پی کے 8303 کراچی ایئرپورٹ کے قریب قریبی آبادی میں گر کر تباہ ہوا تھا اور حادثے میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ دو خوش قسمت مسافر زبیر اور ظفر مسعود بچ گئے تھے۔
اسی حادثے میں ابھرتی ہوئی ماڈل زارا عابد بھی جاں بحق ہوئی تھیں اور اب ان کی والدہ نے ان کی پانچویں برسی پر بیٹی کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
نشریاتی ادارے ’انڈیپینڈنٹ اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں تعظیم جمال نے بیٹی کی زندگی اور موت پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ والد کی وفات کے بعد زارا عابد نے ہی گھر کے بڑے فرد ہونے کے ناتے اخراجات اٹھائے اور سخت محنت کرکے گھر چلاتی رہیں۔
والدہ زارا عابد کے مطابق ان کی بیٹی نے ماڈلنگ کی دنیا میں جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کی اور اپنی محنت سے ہی اس نے ایوارڈز جیتے۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے والی رات ان کی بیٹی نے ان سے فون پر بات کی اور کہا کہ صبح آکر سرپرائز دوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس ابھی تک بیٹی کی آواز کی ریکارڈنگس بھی موجود ہیں، جن میں وہ انہیں سالگرہ کی مبارک باد پیش کرنے سمیت دوسری باتیں کر رہی ہیں۔
والدہ زارا عابد کے مطابق 22 مئی کو نماز جمعہ کے وقت لاہور سے انہیں ایک رشتے دار نے فون کرکے ٹیلی وژن دیکھنے کا کہا تو انہیں غصہ آگیا اور کہا کہ وہ ٹی وی کیوں دیکھیں؟
تعظیم جمال نے بتایا کہ لیکن رشتے دار کے فون کے بعد انہوں نے ٹی وی چلایا تو انہیں بیٹی کی موت کی خبر ملی، ٹی وی چینلز پر ان کی بیٹی کی تصاویر نشر کی جانے لگیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے چھوٹے بیٹے بہن کو لینے کے لیے ایئرپورٹ گئے ہوئے تھے اور انہوں نے خبریں دیکھنے کے بعد بیٹے کو فون کرکے معلومات لی۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹے نے بھی انہیں بتایا کہ وہ تباہ ہونے والے حادثے کے پاس کھڑے ہیں اور چلنے والی خبریں سچ ہیں، جس پر ان کا دل ٹوٹ گیا اور وہ خاموش ہوگئیں۔
بیٹی کی موت پر بات کرتے ہوئے والدہ زارا عابد آبدیدہ بھی ہوگئیں اور بتایا کہ ان کی بیٹی ان سے بہت زیادہ محبت کرتی تھیں، وہ گھر کا بڑا بیٹا بن کر گھر چلاتی تھیں۔
والدہ مرحوم ماڈل نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کی بیٹی کی زندگی پر فلم بنائی جانی چاہیے۔
ان کے مطابق وہ چاہتی ہیں کہ دنیا کو معلوم ہو کہ ان کی بیٹی نے کتنی محنت کی اور کس طرح گھر کو چلاتی تھیں اور انہوں نے کس طرح ماڈلنگ کی دنیا میں کامیابیاں حاصل کیں، اس لیے ان کی زندگی پر فلم بننی چاہیے۔