عباس آفریدی کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا

شائع May 27, 2025
— فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو
— فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر عباس آفریدی کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عباس آفریدی کو انجرڈ محمد وسیم کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے فائنل سے قبل محمد وسیم انجرڈ ہوگئے تھے جس کے باعث وہ پی ایس ایل 10 کا فائنل بھی نہیں کھیل سکے تھے اور ان کی جگہ خرم شہزاد کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

محمد وسیم کو پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ دی گئی تھی تاہم وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز شروع ہونے سے قبل ہی ان فٹ ہوگئے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق محمد وسیم پی ایس ایل کے دوران سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہوئے تھے۔

محمد وسیم کی جگہ پاکستان سپر لیگ میں بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے عباس آفریدی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے.

عباس آفریدی پی ایس ایل میں شاہین آفریدی کی 19 وکٹوں کے بعد سب سے زیادہ 17 وکٹیں حاصل کی تھیں، اس کے علاوہ ابرار احمد، حسن علی، فہیم اشرف اور حارث رؤف نے بھی ٹورنامنٹ میں 17، 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی 20 انٹرنیشنل پر مشتمل سیریز کا آغاز کل سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جب کہ سیریز کے دیگر میچز بھی لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025