آفاق احمد کیخلاف اشتعال انگیزی، ڈمپر جلانے کے مقدمے میں فرد جرم کی کارروائی 21 جون تک مؤخر
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد و دیگر کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلانے اور ڈمپر جلانے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 21 جون تک مؤخر کر دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ آفاق احمد نے آڈیو میسج کے ذریعے کارکنان کو اکسانے کی کوشش کی تھی، آفاق احمد کی ایما پر کنٹینر نذر آتش کیا گیا، کنٹینر سے چینی کی بوریاں بھی چوری کی گئیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان نے تسلیم کیا کہ کنٹینر جلانے کا حکم آفاق احمد نے دیا تھا، آفاق احمد اور 12 دیگر ملزمان کے خلاف تھانہ لانڈھی میں مقدمہ درج ہے، آفاق احمد مقدمے میں ضمانت پر رہا ہیں۔
واضح رہے کہ 21 فروری کو مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد کو 2 مقدمات میں ضمانت کے بعد تیسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
2 مقدمات میں ضمانت کے بعد سرجانی ٹاؤن پولیس نے کراچی سینٹرل جیل سے آفاق احمد کو دوبارہ گرفتار کرلیا تھا، سرجانی ٹاون میں نامعلوم افرادکے خلاف گاڑی جلانےکا مقدمہ درج تھا۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ضمانت دیتے ہوئے آفاق احمد کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا، پولیس نے ڈمپرز نذر آتش کرنے کے مقدمات میں آفاق احمد کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ آفاق احمد کے خلاف لانڈھی اور عوامی کالونی تھانے میں 2 مقدمات درج ہیں۔












لائیو ٹی وی