• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

مریم نواز کے طرز حکومت کے سندھ کے لوگ بھی دیوانے ہیں، عظمیٰ بخاری

شائع June 11, 2025
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر اور وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں اور انہوں نے عاجزی اور خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا۔

ڈان نیوز کے مطابق سینئر وزیر اور وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی عاجزی اور انکساری ہی ان کی مقبولیت کی وجہ ہے، مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں اور انہوں نے عاجزی اور خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے طرز حکومت کے سندھ کے لوگ بھی دیوانے ہیں، یہی آپ کا اصل مسئلہ ہے، متکبر اور غرور سے بھرے وہ لوگ ہیں جو دو تین ٹرم سے اقتدار انجوائے کر رہے ہیں مگر اتنی باریوں کے بعد بھی کارکردگی زیرو ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، جلنے کڑھنے اور بیان بازی کا کوئی فائدہ نہیں، آپ کے بقول سندھ میں آپ اچھا سسٹم لے آئے ہیں، چلیں شاباش اب کراچی کا کوڑا بھی اٹھا لیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کی فکر کرنے کے لیے پنجاب کے وارث موجود ہیں، سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو سندھیوں کے حال پر رحم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلے بھی مضبوط بلدیاتی نظام مسلم لیگ ن نے بنایا تھا، انشاءاللہ اب بھی مسلم لیگ ن ہی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے صوبائی حلقوں سے 400 اور یونین کونسل سے 50 ووٹ نکلنے والی جماعتوں کا امتحان جلد آنے والا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کے سینئر وزیر اور وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے حکومت پنجاب رویے کو متکبرانہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ پنجاب کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ پنجاب کی موجودہ حکومت کا رویہ سیاسی حق تلفیوں پر مبنی ہے اور وہ نفرت اور تقسیم در تقسیم کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، جو افسوسناک ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025