• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

ایرانی وزیر خارجہ کا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے اسرائیل کےخلاف کارروائی کا مطالبہ

شائع June 14, 2025
عباس عراقچی نے اسرائیلی حملوں سے ہونیوالے نقصان کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا
— فوٹو: ارنا
عباس عراقچی نے اسرائیلی حملوں سے ہونیوالے نقصان کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا — فوٹو: ارنا

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اقدامات کرے۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں عباس عراقچی نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے اندر فوجی اڈوں، جوہری تنصیبات، اور رہائشی عمارات پر حملوں کی تفصیلات فراہم کیں۔

انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل کے یہ اقدامات ایران کی خودمختاری اور اقوام متحدہ کے ایک خودمختار رکن ملک کے علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

اعلیٰ سفارت کار نے ان حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

عباس عراقچی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کے تحت فوری کارروائی کرے، اسرائیلی حملوں کی مذمت کرے اور اس کو جوابدہ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔

دوسری جانب انتونیو گوتریس نے حملوں پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی مذمت کی، اور عزم ظاہر کیا کہ اقوام متحدہ اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گا تاکہ کشیدگی کم کی جا سکے اور خطے میں امن و استحکام کو بحال کیا جا سکے۔

اسرائیل نے گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں پر فوجی حملوں کا سلسلہ شروع کیا تھا، اس خطرناک پیش رفت میں تل ابیب نے تہران اور اس کے نواحی علاقوں میں رہائشی عمارات کو بھی نشانہ بنایا تھا۔

اسرائیلی فوج نے ایران کے اعلیٰ عسکری قیادت کو بھی ہدف بنایا، ایران کی مسلح افواج کے چیئرمین میجر جنرل محمد باقری اور اسلامی انقلابی گارڈز کور کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی تہران میں شہید کیے گئے۔

اس حملے کے بعد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیلی رجیم نے ایران پر رات کے وقت کیے گئے حملوں کے ذریعے اپنے لیے ایک تلخ اور دردناک انجام کو یقینی بنایا ہے، وہ ضرور اس کا مزہ چکھے گا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025