بھارتی حکومت کی پابندی ناکام، ہانیہ عامر ’سردار جی تھری‘ کے ٹریلر میں جلوہ گر

شائع June 23, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو فلموں میں کاسٹ کیے جانے کی پابندی فلاپ ہوگئی، ہانیہ عامر آنے والی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ کے ٹریلر میں جلوہ گر ہوگئیں۔

گزشتہ ہفتے 16 جون کو ’سردار جی تھری‘ کا ٹیزر جاری کیے جانے کے بعد ہی بھارتی فلم سازوں اور فلمی مبصرین نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ ہانیہ عامر فلم میں موجود ہوں گی اور اب جاری کیے گئے ٹریلر میں ان کے کردار کی کئی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔

مختصر دورانیے کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کو مرکزی کردار میں دکھایا گیا ہے جو کہ اداکار دلجیت دوسانجھ سنگھ کی محبت کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے فلم کی ٹیم نے ’سردار جی تھری‘ کو بھارت کے علاوہ بیرون ممالک میں رواں ماہ 27 جون کو ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا۔

ٹریلر میں ہانیہ عامر کو پنجابی بولتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ بعض شائقین نے دعویٰ کیا کہ ان کی آواز کو ڈب کرکے شامل کیا گیا ہے۔

فلم کے ٹریلر جاری ہونے سے قبل تک ہانیہ عامر نے مذکورہ فلم میں کام کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا تھا، تاہم ٹریلر کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فلم 27 جون کو بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں ریلیز کی جائے گی۔

گزشتہ برس سے افواہیں تھیں کہ ہانیہ عامر ’سردار جی تھری‘ میں نظر آئیں گی، تاہم انہوں نے اور دلجیت دوسانجھ نے اس حوالے سے کبھی کوئی بیان نہیں دیا تھا۔

پاکستانی پنجابی اداکار ناصر چنیوٹی نے اپریل 2025 میں بتایا تھا کہ ’سردار جی تھری‘ میں ہانیہ عامر اہم کردار میں نظر آئیں گی، ساتھ ہی انہوں نے بتایا تھا کہ ان سمیت متعدد پاکستانی اداکار فلم میں دکھائی دیں گے۔

تاہم اپریل 2025 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے اور بعد ازاں دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر کیے گئے فضائی حملوں کے بعد دونوں ممالک کے فنکاروں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

اسی حوالے سے خبریں آئی تھیں کہ ہانیہ عامر کے ’سردار جی تھری‘ کے کردار کو بھی تبدیل یا ختم کردیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025