ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کیخلاف سینیٹ میں قرارداد جمع
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سینیٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے کے خلاف قرارداد جمع کرادی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضی نے قرارداد جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ ایران پر امریکی حملے کے بعد حکومت صدر ٹرمپ کے لیے نوبل انعام کے لیے کی گئی سفارش واپس لے۔
قرارداد کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات سے ایران پر بمباری کی گئی، ایران پر امریکی حملہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ امریکی حملہ ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے جس میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
بعد ازاں، سینٹ میں امریکی صدر کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے کے خلاف تحریک بھی جمع کرائی گئی۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے پاک-بھارت جنگ کے دوران ٹرمپ کی ’فیصلہ کن سفارتی مداخلت‘ کو سراہنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2026 کے نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی تھی۔
حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی، ٹرمپ نے اسلام آباد اور نئی دہلی کے ساتھ سفارتی روابط سے جنگ کا خطرہ ٹال دیا۔
پاکستان نے اعتراف کیا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت نے جنوبی ایشیا کو ایٹمی تصادم سے بچایا، حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل میں ٹرمپ کی سنجیدہ دلچسپی کو سراہا۔
ٹرمپ کا کردار عالمی امن اور مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی امن پسند قیادت کو پاکستان نے ’اصل ثالث‘ قرار دے دیا۔












لائیو ٹی وی