کراچی پولیس نے باکسر عالیہ سومرو کو فوری سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی
کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باکسر عالیہ سومرو کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں ملنے کے معاملے پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سٹی عارف عزیز ان کے گھر پہنچ گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے باکسر عالیہ سومرو سے دھمکیوں کی تفصیلات معلوم کیں، اور انہیں سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی، سینئر پولیس افسر نے متعلقہ افسران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) اور اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو متاثرہ باکسر کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
دھمکیوں سے متاثرہ باکسر عالیہ سومرو نے پولیس کی کاوشوں پر اعتماد کا اظہار اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کہا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل( ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے ہدایت کی ہے کہ اگر آپ کوئی بھی قانونی کاروائی چاہتی ہیں تو پولیس مکمل قانونی مدد فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ عالیہ سومرو نے رواں سال کے آغاز میں تھائی لینڈ کی حریف کو صرف 45 سیکنڈز میں ناک آؤٹ کر کے ڈبلیو بی اے ایشیا کی 105 پاؤنڈ کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی تھی، اور اس طرح وہ عالمی باکسنگ ٹائٹل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی تھیں۔
ایک روز قبل عالیہ سومرو نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ انہیں اور ان کی فیملی کو لیاری گینگ وار کے ایک مبینہ سہولت کار کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے، جو خود کو میڈیا ورکر ظاہر کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں حکومت سندھ نے عالیہ سومرو کو اگست میں دبئی میں ہونے والے ایک باکسنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 47 لاکھ روپے کی اسپانسرشپ فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جہاں ان کا مقابلہ ایک بھارتی باکسر سے ہو گا۔












لائیو ٹی وی