حمیرا اصغر کی ڈیزائنر دوست نے ان کا آخری آڈیو پیغام سنادیا
فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کی دوست فیشن ڈیزائنر در شہوار نے اداکارہ کا آخری آڈیو پیغام سنا دیا۔
در شہوار نے نجی ٹی وی سما نیوز سے بات چیت کے دوران اداکارہ حمیرا اصغر کا آخری آڈیو میسج بھی سنایا۔
اداکارہ حمیرا اصغر کی جانب سے در شہوار کو واٹس ایپ پر بھیجا گیا آڈیو میسیج ستمبر 2024 کا ہے، جب ڈیزائنر عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود تھیں۔
آڈیو پیغام میں حمیرا اصغر اپنی دوست سے وقت نہ ملنے پر معذرت کرتی سنائی دیتی ہیں اور انہیں بتاتی ہیں کہ وہ بہت مصروف تھیں۔
آڈیو میسج میں حمیرا اصغر سہیلی سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ ان کے لیے مقدس مقامات پر دعا کریں۔
اداکارہ انہیں بتاتی ہیں کہ وہ مصروفیت کی وجہ سے ان کا فون کال ریسیو نہیں کر سکیں اور یہ کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ ان کی سہیلی مکہ میں موجود ہے۔
حمیرا اصغر نے مختصر آڈیو پیغام میں در شہوار کو کہا تھا کہ وہ ان کے کیریئر کے لیے دعائیں کریں۔
آڈیو میسج کی آواز سے اندازہ ملتا ہے کہ حمیرا اصغر اس وقت کسی طرح کی پریشانی کا شکار نہیں تھیں، وہ نارمل اور صاف آواز میں بات کرتی سنائی دیتی ہیں۔
حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، اب تک سامنے آنے والی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس کی تحقیقات کے مطابق ان کی موت اکتوبر 2024 میں ہوئی ہوگی۔
پولیس تفتیش کے مطابق حمیرا اصغر کا فون اکتوبر 2024 میں بند ہوگیا تھا جب کہ اسی مہینے سے ہی وہ لاپتہ تھیں، ان کے فلیٹ کی بجلی بھی کاٹ دی گئی تھی اور اس سے قبل ہی انہوں نے مالک مکان کو کرایہ دینا بند کردیا تھا۔
مالک مکان کرایہ نہ ملنے پر عدالت گئے تھے اور عدالتی بیلف کے فلیٹ پر پہنچنے کے بعد اداکارہ کی لاش ملی تھی، جس متعلق ابتدائی طور پر خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ ایک ماہ پرانی ہوگی لیکن بعد ازاں انکشاف ہوا کہ ان کی لاش 10 ماہ تک پرانی ہے۔












لائیو ٹی وی