ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ میں ’پہلی پوزیشن‘ کا دعوی، پی ایس بی نے نیٹ بال فیڈریشن سےوضاحت طلب کرلی
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 میں پاکستان یوتھ گرلز ٹیم کی مبینہ پہلی پوزیشن کے دعوے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن (پی این ایف) سے 3 روز میں وضاحتی جواب طلب کر لیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی جانب سے پی ایس بی کو 9 جولائی کو بھیجے گئے خط میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان یوتھ گرلز ٹیم نے جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 میں پہلی پوزیشن حاصل کی، خط کے مطابق یہ دعویٰ اس انداز سے کیا گیا جیسے ٹیم نے گولڈ میڈل جیت لیا ہو۔
پی ایس بی نے چیئرمین پی این ایف مدثر رزاق آرائیں کی جانب سے قومی میڈیا پر اپنے انٹرویوز میں بھی گولڈ میڈل جیتنے کا تاثر دینے اور اعلیٰ حکومتی شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوامی تاثر کو مزید گمراہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پی ایس بی کے مطابق اس مبینہ کامیابی کو بنیاد بنا کر پی این ایف نے 2024 کی کیش ایوارڈ پالیسی کے تحت نقد انعامات کے لیے درخواست دی، جس کے نتیجے میں مختلف حکومتی سطحوں پر تعریفی اقدامات اور فوائد بھی حاصل کیے گئے۔
نوٹس میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 3 روز کے اندر مکمل تحریری وضاحت پیش کرے، بصورت دیگر، معاملہ مجاز حکام کے سامنے کارروائی کے لیے پیش کیا جائے گا۔
نوٹس کی کاپی متعلقہ وفاقی وزرا، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین، سیکرٹری آئی پی سی اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے گزشتہ ہفتے، قومی ٹیم کے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کے پلیٹ گروپ میں مالدیپ کو 35-60 کے اسکور سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ڈان ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق پی ایس بی کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے پی این ایف چیئرمین مدثر آرائیں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اسپورٹس بورڈ نے غلط فہمی کا شکار ہو کر ردعمل دیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان گروپ ’بی‘ میں تھا اور پلیٹ ڈویژن میں چائنیز تائی پے، جاپان، کوریا، مالدیپ، سعودی عرب جیسی ٹیموں کے خلاف میچ جیت کر اپنی پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے پی ایس بی نے نہ کوئی فنڈ فراہم کیا اور نہ ہی کوئی معاونت دی۔
خیال رہے پاکستان نیٹ بال ٹیم کی جیت پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان نے ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025 جیت لی، یہ پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ اور خواتین کی کھیلوں میں ایک اور شاندار سنگِ میل ہے، پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہنے پر خصوصی داد، آپ سب نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا‘۔
پاکستان کی جیت اور اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین بھی بحث کرتے نظر آئے، اسپورٹس فین نامی ایک صارف نے سماجی رابطے کی پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ میں نے کچھ پاکستانیوں کو جشن مناتے دیکھا کہ انہوں نے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپئن شپ جیت لی جبکہ بھارت پانچویں نمبر پر رہا، یہ درست نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دراصل کپ اور پلیٹ پر مشتمل ایک ٹورنامنٹ تھا، بھارت کپ ڈویژن میں تھا اور مجموعی طور پر پانچویں نمبر پر رہا۔ پاکستان پلیٹ ڈویژن میں تھا (جو کہ اصل چیمپئن شپ ٹائٹل کے لیے نہیں ہوتا) اور وہاں جیتا، لہٰذا تکنیکی طور پر پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئن شپ جیتنے والی سنگا پور نیٹ بال کی ٹیم نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ لگائی ہے جس میں پاکستان کی مجموعی طور پر پوزیشن نمبر 6 نمبر پر دکھائی دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں ہونے والے اس ایونٹ میں 11 ٹیموں نے شرکت کی تھی جس کے گروپ اے (گولڈ کپ ڈویژن) میں ملیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت کی ٹیمیں شامل تھیں
ٹورنامنٹ کے گروپ بی (پلیٹ کپ ڈویژن) میں چائنیز تائی پے، جاپان، جنوبی کوریا، پاکستان، مالدیپ اور سعودی عرب کی ٹیموں نے حصہ لیا۔












لائیو ٹی وی