وزیراعلیٰ پنجاب کےخلاف نازیبا زبان استعمال کرنیوالے شہری کی بازیابی کی پٹیشن پر جواب طلب
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آرمی چیف کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والے ساجد نواز نامی شخص کی بازیابی کے لیے ان کے بیٹے عمر نے سیشن کورٹ لاہور میں درخواست دائر کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل اینڈ سیشن جج غلام فرید نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 جولائی کو پولیس جواب طلب کر لیا، عدالت نے حکم دیا کہ اگر مغوی پولیس کی تحویل میں ہے تو کل بحفاظت عدالت میں پیش کیا جائے۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ سمیر خان خٹک، ایڈووکیٹ نعمان سرور ڈوگر پیش ہوئے، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) جوہر ٹاؤن نے میرے والد کو 2 دن سے حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے۔
ساجد نواز کے بیٹے عمر نے درخواست میں کہا کہ والد کو پولیس نے 2 دن سے گرفتار کر رکھا ہے، کوئی مقدمہ ہے نہ کسی عدالت میں پیش کر رہے ہیں۔
بیٹے نے کہا کہ پولیس نے میرے والد سے معافی کی ویڈیوز بنوا کر سوشل میڈیا پر شئیر کی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے والد کو بازیاب کروانے کا حکم دیا جائے۔
فاضل جج غلام فرید نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 جولائی کو پولیس سے جواب طلب کر لیا، عدالت نے حکم دیا کہ اگر مغوی پولیس کی تحویل میں ہے تو کل بحفاظت عدالت میں پیش کیا جائے۔ بعدازاں مزید سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بارش کے بعد سڑک پر جمع ہونے والے پانی میں سے موٹرسائیکل پر گزرتے ہوئے ساجد نواز کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے آرمی چیف و وزیراعلیٰ کے خلاف قابل اعتراض اور نازیبا زبان استعمال کی تھی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ساجد نواز کو تحویل میں لیا، جس کے بعد ساجد نواز کی ’سافٹ ویئر اپ ڈیٹ‘ ویڈیو سوشل میڈیا پر دکھائی دی، جس میں انہوں نے اپنے فعل کو معیوب قرار دیتے ہوئے معافی مانگی تھی۔












لائیو ٹی وی