• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

تھائی بدھ مت مذہبی رہنماؤں سے جنسی تعلقات استوار کرکے انہیں بلیک میل کرنے والی خاتون گرفتار

شائع July 16, 2025
—پولیس افسران واقعے سے متعلق معلومات فرہام کرتے ہوئے—فوٹو: اے پی
—پولیس افسران واقعے سے متعلق معلومات فرہام کرتے ہوئے—فوٹو: اے پی

تھائی لینڈ کی پولیس نے نصف درجن سے زائد بدھ مت مذہبی رہنماؤں سے جنسی تعلقات استوار کرکے انہیں بلیک میل کرنے والی خاتون کو گرفتار کرکے ان کے کمرے سے ہزاروں برہنہ تصاویر اور ویڈیوز بھی برآمد کرلیں۔

خاتون پر الزام ہے کہ انہوں نے متعدد سینئر بدھ راہبوں کو جنسی تعلقات کے لیے ورغلایا، بعد ازاں ان تعلقات کو چھپانے کے لیے انہیں بڑی رقوم ادا کرنے پر مجبور بھی کیا۔

نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق تھائی لینڈ کی رائل سینٹرل انویسٹی گیشن بیورو فورس کے مطابق اب تک کم از کم 9 ابّات (سینئر راہبوں) کو ان الزامات کے بعد راہبوں کی صف سے نکال دیا گیا۔

گرفتار کی جانے والی خاتون ویلاوان ایمساوت جس کی عمر 30 سال سے زائد ہے کو دارالحکومت بینکاک کے شمال میں نونتھابوری صوبے میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

خاتون پر بلیک میلنگ، منی لانڈرنگ اور چوری شدہ رقوم حاصل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، پولیس کے مطابق انہوں نے ایک سینئر راہب کے ذریعے مندر کے اکاؤنٹ سے ویلاوان کو منتقل کی گئی رقم کا سراغ بھی لگالیا۔

ویلاوان نے گرفتاری کے بعد کوئی بیان نہیں دیا اور یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان کے پاس قانونی نمائندگی موجود ہے یا نہیں۔ تاہم گرفتاری سے قبل مقامی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے ایک راہب سے تعلق کا اعتراف کیا اور کہا کہ انہوں نے اسے کچھ رقم بھی دی تھی۔

عام طور پر تھائی لینڈ میں بدھ راہبوں سے متعلق اسکینڈلز وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں مگر اس کیس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کئی اعلیٰ سطح کے مذہبی رہنما شامل ہیں۔

مذکورہ واقعے نے مندروں میں دی جانے والی بڑی مالیاتی عطیات کی شفافیت پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، بدھ مذہب میں راہبوں کو سادہ اور پرہیزگار زندگی گزارنے کی تلقین کی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق ویلاوان نے جان بوجھ کر سینئر راہبوں کو مالی فائدے کے لیے نشانہ بنایا، کئی راہبوں نے ان کے ساتھ تعلق قائم ہونے کے بعد بڑی رقوم ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کیں۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویلاوان کے بینک اکاؤنٹس میں گزشتہ تین برسوں کے دوران 385 ملین بٹ (تقریباً 11.9 ملین امریکی ڈالر) جمع ہوئے، جن میں سے زیادہ تر رقم آن لائن جوا کھیلنے والی ویب سائٹس پر خرچ کی گئی۔

سنٹرل انویسٹی گیشن بیورو کے نائب کمشنر نے بتایا کہ تحقیقات گزشتہ ماہ اس وقت شروع ہوئیں جب بینکاک کے ایک معروف مندر کے راہب نے اچانک راہبانہ زندگی ترک کر دی۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مذکورہ راہب کو ویلاوان نے بلیک میل کیا تھا، خاتون نے راہب کو بتایا کہ وہ حاملہ ہے اور 7.2 ملین بٹ (تقریباً 2 لاکھ 22 ہزار امریکی ڈالر) کی مالی امداد کا مطالبہ کیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق گرفتار خاتون کے موبائل فونز کی تلاشی کے دوران ہزاروں تصاویر، ویڈیوز اور چیٹ لاگز برآمد ہوئے، جن میں کئی راہبوں کے ساتھ قربت کے شواہد موجود ہیں، جنہیں بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا جانا تھا اور بعض کو بلیک میل کیا گیا۔

تھائی لینڈ میں بیشتر بدھ راہب تھیراوادا فرقے سے تعلق رکھتے ہیں، جس میں راہبوں پر نہ صرف جنسی تعلقات بلکہ خواتین کو چھونے تک کی سخت ممانعت ہے۔

مذکورہ واقعے کے بعد پولیس نے کہا ہے کہ ملک بھر میں راہبوں کی نگرانی کے لیے ایک فیس بک پیج بھی قائم کیا جا رہا ہے، جہاں لوگ بدسلوکی یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے راہبوں کی اطلاع دے سکیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025