• KHI: Clear 24.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.5°C
  • ISB: Cloudy 13.9°C
  • KHI: Clear 24.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.5°C
  • ISB: Cloudy 13.9°C

حکومت پنجاب نے 4 ماہ کیلئے چینی کی ایکس مل اور پرچون کی قیمتوں کا تعین کردیا

شائع July 17, 2025
فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

حکومت پنجاب نے 4 ماہ کے لیے چینی کی ایکس مل اور پرچون کی قیمتوں کا تعین کردیا، چینی کی نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق چینی کے بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت پنجاب نے بروقت اقدام کرتے ہوئے 4 ماہ کے لیے چینی کی ایکس مل اور پرچون کی قیمتوں کا تعین کردیا۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ / کین کمشنر پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 15 جولائی سے 14 اگست تک چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے اور پرچون قیمت 173 روپے فی کلو ہوگی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 15 اگست سے 14 ستمبر تک ایکس مل قیمت 167 روپے ہوگی جبکہ چینی کی پرچون قیمت 175 روپے فی کلو ہوگی۔

15 ستمبر سے 14 اکتوبر تک چینی کی ایکس مل قیمت 169 روپے جبکہ پرچون کی سطح پر چینی 177 روپے فی کلو فروخت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اکتوبر سے چینی کی ایکس مل قیمت 171 روپے اور پرچون قیمت 179 روپے فی کلو ہوگی۔

سیکریٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ نےڈی جی فوڈ کو مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کردیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شوگر ایڈوائزری بورڈ نے ملک سے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا تاہم آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکس چھوٹ کی اجازت نہ ملنے پر حکومت نے چینی درآمد روک دی تھی۔

گزشتہ ہفتے ملک میں چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ منگل کو چینی کی ریٹیل قیمت کے تعین پر حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) کے درمیان ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے تھے۔

اس سے قبل پیر 14 جولائی کو حکومت اور شوگر انڈسٹری کے درمیان چینی کی ایکس مل قیمت پر معاملات طے پا گئے تھے اور چینی کی ایکس مل قیمت165 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025