ٹرمپ کا پاکستان کے دورے کا کوئی شیڈول نہیں ہے، وائٹ ہاؤس
وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ پاکستان کا کوئی شیڈول نہیں دیا گیا۔
خیال رہے کہ کچھ مقامی ٹیلی وژن چینلز نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ٹرمپ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے، ان نیوز چینلز نے یہ بھی کہا تھا کہ ٹرمپ ستمبر میں اسلام آباد پہنچنے کے بعد بھارت کا بھی دورہ کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت پاکستان کا کوئی دورہ شیڈول نہیں کیا گیا ہے۔‘
قبل ازیں، وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر کے ستمبر میں دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعرات کو کہا کہ اُن کے پاس ستمبر میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ پاکستان سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے بارے میں ’ کوئی معلومات نہیں’ ہیں۔
ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ’ اس معاملے پر ہمارے پاس کوئی معلومات نہیں ہیں۔’
اسی طرح اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ’ ہمارے پاس اس حوالے سے اعلان کرنے کو کچھ نہیں ہے’ اور کہا کہ صدر کے شیڈول کی تصدیق کے لیے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات کو اُس وقت بڑی پیش رفت ملی تھی، جب گزشتہ ماہ صدر ٹرمپ نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا وائٹ ہاؤس میں غیر معمولی ملاقات کے لیے استقبال کیا تھا۔
بھارت اس سال کواڈ ممالک کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا، تاہم اس اجلاس کی تاریخوں کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔
کواڈ گروپ میں امریکا، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان شامل ہیں اور اس کا مقصد انڈو پیسفک خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے۔
دوسری جانب، برطانیہ کے بکنگھم پیلس نے پیر کے روز کہا تھا کہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس 17 سے 19 ستمبر تک ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسرے سرکاری دورے پر ان کی میزبانی کریں گے۔












لائیو ٹی وی