امریکا: لاس اینجلس میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دھماکا، 3 افراد ہلاک
امریکی شہر لاس اینجلس میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 3 اہلکار ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے فاکس نیوز کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ کے تربیتی مرکز میں ہونے والے دھماکے میں تین اہلکار ہلاک ہو گئے۔
لاس اینجلس شیرف ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ لاس اینجلس میں بسکائیلز سینٹر اکیڈمی میں دھماکا ہوا ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں اور فی الحال کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی تصدیق کرنا قبل از وقت ہے۔
دریں اثنا، اٹارنی جنرل پام بونڈی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’قانون نافذ کرنے والے ادارے کے تربیتی مرکز میں بظاہر ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں کم از کم تین افراد جان کی بازی ہار گئے، تحقیقاتی ٹیم موقع پر موجود ہے اور مزید معلومات حاصل کرنے میں مصروف ہے۔
ادھر، لانس اینلجس ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ یہ دھماکا مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 30 منٹ سے کچھ پہلے ایسٹرن ایونیو پر واقع ٹریننگ سینٹر میں ہوا، جہاں شیرف کا اسپیشل انفورسمنٹ بیورو اور آتش گیر و دھماکا خیز مواد سے متعلق شعبہ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موجود ہے۔
مزید رپورٹ کیا کہ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم دھماکے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
ذرائع نے دی ٹائمز کو بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے دھماکا خیز مواد کو منتقل کرنے کے دوران دھماکا ہوا۔












لائیو ٹی وی