• KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C

اسحٰق ڈار کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات، انتونیو گوتریس نے سلامتی کونسل میں پاکستان کی موجودگی کو سراہا

شائع July 21, 2025
فوٹو: وزارت خارجہ، ایکس اکاؤنٹ
فوٹو: وزارت خارجہ، ایکس اکاؤنٹ

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی موجودگی اور اقدامات کو سراہا۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام (ملٹی لیٹرل ازم) اور عالمی سطح پر درپیش اہم ترین چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے سیکریٹری جنرل کو یقین دلایا کہ پاکستان تنازعات کے حل، پائیدار ترقی کے فروغ اور دنیا بھر کے تمام عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط بنانے پر پوری توجہ دے رہا ہے۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی موجودگی اور اقدامات کو سراہا۔

اسحٰق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں، خصوصاً مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن کو فروغ دینے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران کثیرالجہتی نظام اور تنازعات کے پرامن حل پر اعلیٰ سطحی مباحثہ اور اقوام متحدہ اور او آئی سی تعاون پر ہونے والی میٹنگ پاکستان کے کثیرالجہتی نظام اور امن کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

اسحٰق ڈار نے نے پاکستان کے لیے قومی اور علاقائی سطح پر انتہائی اہم امور پر زور دیا، بالخصوص جموں و کشمیر کا تنازعہ، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور پاکستان میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی۔

انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا، جو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہو ، نائب وزیراعظم نے نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کے لیے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی قیادت اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

اسحٰق ڈار نے فلسطینی ریاست کے قیام، غزہ میں فوری جنگ بندی اور مغربی کنارے میں اسرائیل کے الحاق کے منصوبوں کی بھرپور مخالفت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو دہرایا۔

نائب وزیراعظم اور سیکریٹری جنرل نے ترقی پذیر ممالک کے لیے ترقیاتی اور موسمیاتی اہداف کے حصول کی خاطر نرم مالیاتی پیکجز کی ضرورت، قرضوں میں ریلیف اور گلوبل ساؤتھ کے لیے لیکویڈیٹی حل کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اسحٰق ڈار نے زور دیا کہ سیکریٹری جنرل کا ’ UN80’ اقدام اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستونوں ، بین الاقوامی امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق، کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے اسلاموفوبیا پر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی تقرری کا خیرمقدم کیا اور مذہبی عدم برداشت کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025