• KHI: Partly Cloudy 17.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 13°C
  • KHI: Partly Cloudy 17.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 13°C

امریکی اداکار میلکم جمال وارنر سمندر میں ڈوب کر ہلاک

شائع July 22, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ایمی ایوارڈ یافتہ 54 سالہ امریکی اداکار میلکم جمال وارنر کوسٹا ریکا کے سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ذرائع نے خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کو تصدیق کی کہ میلکم جمال وارنر، جنہوں نے 1980 کی دہائی کے مشہور ٹی وی شو ’دی کاسبی شو‘ میں بیل کاسبی کے بیٹے تھیو کا کردار ادا کیا تھا، پیر کے روز کوسٹا ریکا میں سمندر میں نہاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وارنر اپنی فیملی کے ہمراہ تعطیلات گزارنے کے لیے کوسٹا ریکا میں موجود تھے۔

وسطی امریکا کے اس ملک کے عدالتی تحقیقاتی ادارے (او آئی جے) نے تصدیق کی ہے کہ ایک امریکی شہری جس کا آخری نام وارنر ہے، سمندر کی خطرناک لہر میں بہہ جانے کے باعث ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔

ریڈ کراس کے لائف گارڈز نے جائے وقوعہ پر ہی ان کی موت کی تصدیق کر دی، تاہم اداکار کے نمائندوں نے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

دوسری جانب، امریکا کی شہری حقوق کی تنظیم این اے اے سی پی نے اداکار کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میلکم جمال وارنر، خدا آپ کو عزت اور وقار کے ساتھ سکون دے، آپ کی صلاحیت اور روح نے بے شمار زندگیوں کو چھوا اور آپ کی میراث آنے والی نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔

وارنر نے 2012 میں مزاحیہ سیریز ’ریڈ بٹوین دی لائنز‘ میں بہترین اداکاری پر این اے اے سی پی کا آؤٹ اسٹینڈنگ ایکٹر ان اے کامیڈی سیریز ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

فاکس انٹرٹینمنٹ نے پیر کے روز جاری کردہ تعزیتی پیغام میں کہا کہ فاکس میں ہر کوئی ہمارے دوست، ساتھی اور شاندار اداکار میلکم جمال وارنر کے انتقال پر انتہائی افسردہ ہے، ان کے مزاحیہ سے لے کر سنجیدہ کرداروں تک سب کچھ ناقابلِ فراموش اور لازوال تھا۔

وارنر فاکس کی میڈیکل ڈراما سیریز ’دی ریزیڈنٹ‘ میں ڈاکٹر اے جے آسٹن کا کردار نبھا رہے تھے۔

انہوں نے 1980 کی دہائی کے مشہور ٹی وی شو ’دی کاسبی شو‘ میں بیل کاسبی کے بیٹے تھیو کا کردار ادا کیا، جس سے انہیں عالمی شہرت ملی۔

میلکم جمال وارنر 18 اگست 1970 کو نیو جرسی میں پیدا ہوئے، ان کا نام سول رائٹس رہنما میلکم ایکس اور جَیَز موسیقار احمد جمال کے نام پر رکھا گیا، ان کی والدہ پامیلا ان کی منیجر بھی تھیں۔

کم عمری ہی میں وارنر کو اداکاری کا شوق پیدا ہوا، جس نے انہیں بچپن میں ٹی وی پر کام کرنے اور نیویارک کے پروفیشنل چلڈرنز اسکول میں داخلے تک پہنچایا۔

ابتدائی طور پر انہوں نے چھوٹے کردار ادا کیے، لیکن ’کاسبی شو‘ میں تھیو کا کردار ان کے کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔

وارنر نے ’اے ڈیفرنٹ ورلڈ‘، ’سنز آف انارکی‘، ’سوٹس‘ جیسی سیریز میں کام کیا، جب کہ 1986 میں ’سَیٹرڈے نائٹ لائیو‘ کی میزبانی بھی کی۔

ان کے خاندان میں ان کی اہلیہ اور بیٹی شامل ہیں، جن کے نام انہوں نے کبھی عوامی طور پر ظاہر نہیں کیے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025