عالمی تنازعات سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی کی علامت ہیں، اسحٰق ڈار
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا میں آج کئی تنازعات، حل طلب مسائل و بڑھتے بحران موجود ہیں، یہ سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی کی علامت ہیں، پاکستان غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ دہراتا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ’ کثیرالجہتی اور پرامن تنازعات کے حل کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ’ پر اعلیٰ سطح مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اس اہم اجلاس کی صدارت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ ذمہ داری اقوام متحدہ چارٹر، بین الاقوامی قانون اور کثیرالجہتی کے اصولوں کے تحت انجام دے رہے ہیں، ہم اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے بصیرت افروز خیالات اور ان کی قیادت کو سراہتے ہیں۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں رکن ممالک کی اعلیٰ سطح شرکت خوش آئند ہے، اور پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کا متفقہ طور پر منظور ہونا، تنازعات کے پرامن حل کے لیے اجتماعی عزم کی واضح علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پر پاکستان تمام رکن ممالک کا شکر گزار ہے، آج کا مباحثہ بروقت اور ناگزیر ہے ، کثیرالجہتی اور پرامن حل صرف اصول نہیں بلکہ عالمی استحکام کی بنیاد ہیں۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ دنیا میں آج کئی تنازعات، حل طلب مسائل و بڑھتے بحران موجود ہیں، یہ تنازعات اور بحران سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی کی علامت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی علاقائی تنازعات طویل جنگوں میں بدل چکے ہیں، ان سے انسانی جانوں کا شدید نقصان، بے دخلی، اور انصاف سے مایوسی پیدا ہوئی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار امن صرف طاقت یا یکطرفہ اقدامات سے نہیں بلکہ باہمی احترام، جامع سفارتکاری اور مکالمے سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیر الجہتی نظام پر پختہ یقین رکھتا ہے اور پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر کے باب ششم میں تنازعات کے حل کے کئی طریقے موجود ہیں لیکن ان کا مناسب استعمال نہیں کیا جا رہا جس سے سلامتی کونسل کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام خصوصاً غزہ میں جاری قتل و غارت گری ایک مستقل المیہ ہے، 58 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں
نائب عظم نے کہا کہ پاکستان فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ دہراتا ہے اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں بھی امن کا خواہاں ہے۔












لائیو ٹی وی