کس کس نے اسلام آباد میں گدھا پلاؤ اور کھوتہ بریانی کھائی ہوگی؟ مشی خان کا طنز
اداکارہ و ٹی وی میزبان مشی خان نے اسلام آباد میں گدھوں کا گوشت برآمد ہونے کے واقعے پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ معلوم نہیں کہ کس کس نے وفاقی دارالحکومت میں گدھا پلاؤ، کھوتہ بریانی اور گدھا شنواری کھائی ہوگی۔
مشی خان نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس خبر پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کے علاقے ترنول سے 900 من گدھوں کا گوشت برآمد ہوا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جس علاقے سے انتطامیہ نے گدھوں کا گوشت برآمد کیا ہے، وہیں متعدد ہوٹلز ہیں جو اپنے کھانوں کے ذائقے کی وجہ سے مشہور ہیں۔
ٹی وی میزبان کے مطابق ماضی میں گدھوں کا گوشت لاہور سے برآمد ہوتا تھا، اب یہ سلسلہ اسلام آباد میں بھی شروع ہو چکا ہے اور نہ جانے کہاں کہاں شروع ہوگا۔
مشی خان نے گدھوں کا گوشت برآمد ہونے پر طنز کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں، کہیں بھی کھانا کھانے سے قبل معلومات لیں اور تحقیق کریں۔
اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ پتا نہیں کس کس نے اسلام آباد میں گدھا پلاؤ، گدھا شنواری اور کھوتہ بریانی کھائی ہوگی۔
مشی خان کی طرح یاسر حسین نے بھی اسلام آباد میں گدھوں کا گوشت اور درجنوں گدھے برآمد ہونے پر اظہار تشویش کیا اور ساتھ ہی ایسا کاروبار کرنے والوں کو کہا کہ اگر انہوں نے یہی کاروبار کرنا ہے تو سرعام کریں، چھپا کر نہ کریں۔
خیال رہے کہ 27 جولائی کو اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول میں چھاپے کے دوران 50 سے زائد گدھے اور 25 من گدھے کا گوشت برآمد کرکے غیر ملکی شہری کوگرفتارکرلیا تھا۔
فوڈ اتھارٹی نے بتایا تھا کہ گدھوں کا گوشت ملنے کے بعد تفتیش کی جارہی ہے کہ گوشت کن کن علاقوں میں سپلائی کیا گیا جبکہ گوشت کو غیر ملکی شہریوں کے کھانے کے لیے استعمال کرنے کی تحقیقات جاری ہیں۔












لائیو ٹی وی