کراچی: سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی، کالعدم دہشتگرد تنظیم کے 4 ملزمان گرفتار
کراچی میں محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشتگرد تنظیم سے وابستہ 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کالعدم تنظیم کے ملزمان بذریعہ ٹرین فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے قانون کی گرفت میں آئے، گرفتار ملزمان 18 مئی کو بدین میں ہونے والے قتل میں ملوث تھے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی کے مطابق ملزمان سے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر کے فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا، ملزمان نے کارروائی سے قبل حیدر آباد میں قیام کیا اور مکمل ریکی کی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق قتل کی واردات میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کے ملوث ہونےکے شواہد بھی ملے، ملزمان متعدد دیگر سنگین مقدمات میں بھی مطلوب ہیں۔
گرفتار ملزمان میں محمد سجاد عرف شاوو، عبید علی عرف عبیدی، محمد عمیر اصغر اور شکیل احمد شامل ہیں۔
کامیاب کارروائی پر آئی جی سندھ نے سی ٹی ڈی ٹیم کے لیے انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ ملزمان نے 18 مئی کو ضلع بدین میں عبد الرحمٰن ولد رضا اللہ کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا انکشاف کیا تھا، واقعے کامقدمہ 117/2025 ماتلی ضلع بدین میں درج ہے۔












لائیو ٹی وی