پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائرکی خبر ڈان نیوز نے گزشتہ سال بریک کی تھی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائر کو ترقی دینے سے متعلق بیان پر پاکستانی حکومت اور عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے, تاہم ڈان نیوز نے پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائر کی دریافت سے متعلق خبر گزشتہ سال ستمبر میں بریک کی تھی۔
6 ستمبر 2024 کو ڈان نیوز نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان نے دوست ملک کے تعاون سے سمندر میں سروے کیا ہے، 3 سال جاری رہنے والے اس سروے میں ثابت ہوا کہ پاکستان کے پاس تیل اور گیس کے وسیع ترین ذخائر موجود ہیں۔
ڈان نیوز نے سیکیورٹی ذرائع سے خبر دی تھی کہ اس سروے میں تیل و گیس کے ذخائر کے حجم اور مقام کا تعین بھی کرلیا گیا ہے۔
مذکورہ سروے سے وابستہ ایک اعلیٰ سیکیورٹی افسر نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ سروے سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان کے پاس تیل و گیس کے دنیا میں چوتھے بڑے ذخائر ہیں، تیل و گیس کو نکالنے کے لیے جلد باقاعدہ ٹینڈر جاری کیے جائیں گے، جس سے پاکستانی معیشت کی کایہ پلٹ جائے گی۔
سیکیورٹی آفیشل نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ تیل و گیس کی دریافت کے بعد درآمدی ایل این جی اور پیٹرولیم مصنوعات پرانحصار ختم ہوجائے گا، تاہم اس ذریعے نے ڈان نیوز کو بتایا کہ سمندر سے تیل و گیس نکالنے میں تقریباً 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہوگی اور اس کا پھل حاصل ہونے میں 4 سے 5 سال لگ سکتے ہیں۔
ڈان نیوز کی اس خبر کو بین الااقوامی ذرائع ابلاغ نے نمایاں انداز میں شائع کیا تھا۔












لائیو ٹی وی