• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

خیبرپختونخوا: سینیٹ نشست پر انتخاب میں حکومتی ارکان خالی کاغذ بیلٹ باکس میں ڈالتے پکڑے گئے

شائع July 31, 2025
پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کے کیمرے سے واقعے کی فوٹیج بھی ڈیلیٹ کردی گئی۔
—فائل فوٹو: اے ایف پی
پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کے کیمرے سے واقعے کی فوٹیج بھی ڈیلیٹ کردی گئی۔ —فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا (کے پی) اسمبلی میں ثانیہ نشتر کے استعفے سے خالی ہونے والی سینیٹ کی خواتین کے لیے مخصوص نشست پر انتخاب میں حکومت کی حکمت عملی بے نقاب ہوگئی، سابق اسپیکر اسد قیصر کے بھائی صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خالی کاغذ بیلٹ بکس میں ڈالتے ہوئے پکڑے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے رکن حمید الرحمٰن نے بھی بیلٹ پیپر باہر نکالنے کی کوشش کی، صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے دونوں اراکین کو پکڑنے کے بعد پولنگ کا عمل بھی روک دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پریذائیڈنگ آفیسر سعید گل نے بیلٹ بکس کھول کر حمید الرحمٰن کا خالی کاغذ باہر نکالا، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی طرف سے معذرت کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے بھی ووٹ باہر نکالنے کی کوشش کی، فیصل ترکئی کے اس عمل کے بعد بھی پولنگ کا عمل روکنا پڑا۔

پولنگ کا عمل رکنے کے بعد وزیراعلیٰ کے پی علی امین دوبارہ جرگہ ہال پہنچے، دوبارہ معذرت اور شفاف پولنگ عمل کی یقین دہانی پر پولنگ کا عمل پھر شروع کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود سرکاری سی سی ٹی وی کے کیمرے سے سارے واقعے کی فوٹیج بھی ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔

مشعال یوسفزئی اور مہتاب ظفر میں کانٹے کا مقابلہ

خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کے لیے خواتین کی مخصوص نشست پر پولنگ جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مشعال اعظم یوسفزئی اور متحدہ اپوزیشن کی امیدوار مہتاب ظفر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

قبل ازیں رپورٹ کیا گیا تھا کہ خواتین کی مخصوص نشست پر مشعال یوسفزئی کو مشکلات کا سامنا ہے، کیوں کہ آزاد امیدوار مہتاب ظفر اب متحدہ اپوزیشن کی امیدوار بن گئی ہیں، دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آزاد امیدوار صائمہ خالد بھی امیدوار ہیں۔

اپوزیشن نے بھی آزاد امیداور مہتاب ظفر کو اپنا امیدوار قرار دے دیا ہے، آج خیبرپختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران کسی بھی امیدوار کو جیتینے کے لیے 73 ووٹ درکار ہیں، جب کہ ایوان میں 28 آزاد امیدوار بھی ہیں۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے،، پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کی امیدوار راحیلہ بی بی گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025