نواز شریف اور مریم نواز سے سعودی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ ملکی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم
پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سعودی سفیر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، معاشی اور دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانےکا عزم کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں اقتصادی تعاون، دفاعی شراکت داری اور مسلم امہ کےاتحاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی اور دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانےکا عزم کیا گیا۔
دوران ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شراکت داری، مشترکہ تربیت، انٹیلی جنس کے تبادلے اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب کی سرزمین ہر مسلمان کے دل میں خاص روحانی و قلبی مقام رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کی قیادت مسلم دنیا کے لیے امید، وقار اور ترقی کی علامت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ باہمی اعتماد اور دیرینہ اخوت پرمبنی ہے، سعودی عرب سے تعلق پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سعودی قیادت کا خطے میں امن کے لیے کردار قابلِ ستائش ہے، پاکستان بھارتی جارحانہ اقدامات کے باوجود بات چیت کےذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے۔












لائیو ٹی وی