سعودی عرب: تفریحی پارک میں حادثہ، 23 افراد زخمی
سعودی عرب کے ایک پارک میں ایک جھولا حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق آن لائن وائرل ویڈیوز میں ’360 ڈگری‘ جھولے کو بیچ سے ٹوٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو 2 ٹکڑے ہو کر کئی میٹر کی بلندی سے نیچے آ گرا۔
السعودیہ کے زیرِ ملکیت ٹی وی چینل العربیہ کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں 23 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 4 کی حالت نازک ہے۔
العربیہ نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کے شہر طائف میں واقع تفریحی پارک کو بند کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب اس وقت اپنے تیل پر منحصر معیشت کو متنوع بنانے کے لیے کئی تفریحی منصوبے شروع کر رہا ہے، ان میں سے ایک ’قِدِّیہ‘ ہے، جو ریاض کے قریب واقع ہے اور اسے ایک ’تفریحی شہر‘ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جس میں تھیم پارکس اور موٹر اسپورٹس ریس ٹریک شامل ہیں۔












لائیو ٹی وی