’ستارے زمین پر‘ یوٹیوب پر 100 روپے میں دیکھنا ممکن
بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی چند ہفتے قبل ریلیز ہونے والی فلم ’ستارے زمین پر‘ کو شائقین یوٹیوب پر محض 100 بھارتی روپے کے عوض دیکھ سکیں گے۔
عامر خان نے بیٹے جنید خان کے ہمراہ چند دن قبل ویڈیو مزاحیہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کو جلد ہی یوٹیوب پر ریلیز کردیا جائے گا، جہاں شائقین محض 100 روپے میں اسے دیکھ سکیں گے۔
عامر خان نے خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پہلے ہی فلم کو یوٹیوب پر ریلیز کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا لیکن اسے خفیہ رکھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ سینما کے بڑے مداح ہیں، اس لیے ان کی کوشش تھی کہ ان کی فلم پہلے سینما میں دکھائی جائے اور سینما والے بھی کمائی کریں۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی ریلیز کے چند ہفتوں بعد جب اس نے سینما میں اچھی کمائی کرلی، اس کے بعد ہی انہوں نے فلم کو یوٹیوب پر آن ایئر کرنے کا منصوبہ بنایا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں بہت بڑی آبادی سینما نہیں جاتی، ان کے پیسے اتنے پیسے نہیں ہوتے، اس لیے انہوں نے فلم کو یوٹیوب پر ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا۔
مسٹر پرفیکشنسٹ کے مطابق اگر کسی خاندان میں چار افراد ہیں اور وہ 100 روپے دے کر ان کی فلم دیکھتے ہیں تو فی کس 25 روپے پڑے گا، اس لیے انہوں نے انتہائی مناسب ٹکٹ پر فلم کو یوٹیوب پر ریلیز کیا ہے۔
عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کو یکم اگست سے شائقین ان کے یوٹیوب چینل ’عامر خان ٹاکیز‘ پر محض 100 بھارتی روپے کے عوض دیکھ سکیں گے۔
فلم کو جون میں سینماؤں میں پیش کیا گیا تھا اور اس نے 30 جولائی تک 70 کروڑ روپے کمالیے تھے، فلم کو یکم اگست سے یوٹیوب پر پیسوں کے عوض دیکھا جا سکے گا۔
مذکورہ فلم عامر خان کی 2008 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل ہے۔
فلم میں عامر خان نے ایک اسکول ٹیچر رام شنکر نکُمب کا کردار ادا کیا تھا، فلم ایک بچے کی کہانی پر مبنی ہے جو ’ڈسلیکسیا‘ کے مرض میں مبتلا ہے۔
’ستارے زمین پر‘ بھی خصوصی توجہ کے حامل افراد کی باسکٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کی جدوجہد پر مبنی ہے اور اسے بھی کہانی کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے۔












لائیو ٹی وی