• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

پاکستانی فین کو اسٹیڈیم سے باہر نکالنے کا معاملہ، لنکا شائرکاؤنٹی نے معافی مانگ لی

شائع August 1, 2025
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا
— فائل فوٹو: سوشل میڈیا

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی فین کو اسٹیڈیم سے باہر نکالنے کے معاملے پر لنکا شائر کاؤنٹی نے معافی مانگ لی۔

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق لنکاشائر کاؤنٹی نے بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے فینز گروپس کے درمیان پرچم لہرانے پر ماحول کشیدہ ہوا، ہم کسی بھی دل آزاری اور تکلیف پر معذرت خواہ ہیں، اپنی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی شائق فاروق نذر کو انگلینڈ اور بھارت کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران 27 جولائی کو اُس وقت مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا جب انہوں نے زیبِ تن کی ہوئی پاکستان کی ٹیم کی شرٹ کو ڈھانپنے سے انکار کر دیا تھا۔

فاروق نذر نے اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کر کے اسے سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کیا تھا، جس میں انہوں نے واقعے کی تفصیل فراہم کی، ویڈیو کے مطابق سیکیورٹی عملےکے ایک رکن نے ان سے کہا کہ ’کنٹرول‘ کی ہدایت پر وہ اپنی شرٹ کو ڈھانپیں، فاروق نذر کے انکار پر پولیس افسران نے انہیں اسٹیڈیم سے باہر جانے کو کہہ دیا۔

لنکاشائر کاؤنٹی کے بیان کے مطابق انتظامی ٹیم کے ساتھ ناقابلِ قبول رویے کی وجہ سے فاروق نذر کو اسٹیڈیم چھوڑنے کا کہا گیا، کلب نے واقعے کی تحقیقات کے بعد کہا کہ وہ غیر ارادی طور پر ہونے والی کسی بھی دل آزاری یا تکلیف پر معذرت خواہ ہیں اور مستقبل میں ایسے معاملات کو بہتر انداز میں سنبھالنے کے لیے اپنے طریقہ کار کا جائزہ لیں گے۔

کلب نے مزید وضاحت دی کہ اس واقعے سے ایک روز قبل ہفتے کو پاکستانی اور بھارتی شائقین کے درمیان ایک علیحدہ واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس کے باعث نذر کے ساتھ احتیاطی تدابیر اپنائی گئیں۔

لنکاشائر کے بیان میں کہا گیا کہ سب سے پہلے ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کسی فرد کو صرف پاکستان کی شرٹ پہننے کی بنیاد پر ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

26 جولائی کو بھی اسٹیڈیم میں کچھ شائقین نے پاکستانی پرچم لہرایا، جس سے قریب موجود بھارتی شائقین ان کی کشیدگی پیدا ہوئی، اسی دوران ہمارے سیکیورٹی عملے نے مؤثر انداز میں کشیدگی کو ختم کیا اور وہاں موجود فینز سے پرچم کو لپیٹنے کی درخواست کی، جس پر فوری عمل کیا گیا۔

کلب نے کہا کہ اسی تناظر میں، اتوار (27 جولائی) کو ہماری ٹیم نے احتیاط حفاظتی پالیسی پر عمل کیا، اسٹینڈ سپروائزر نے متعلقہ فرد (فاروق نذر) سے مؤدبانہ درخواست کی کہ وہ اپنی شرٹ کو ڈھانپ لیں تاکہ انہیں کوئی خطرہ لاحق نہ ہو اور کسی ممکنہ کشیدگی سے بھی بچا جا سکے۔ تاہم کئی درخواستوں کے باوجود متعلقہ فرد نے شرٹ کو ڈھانپنے سے انکار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025