پاک۔امریکا تجارتی معاہدہ: اسٹاک ایکسچینج میں ایک لاکھ 41 ہزار کی نفسیاتی حد عبور
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک لاکھ 41 ہزار کی حد عبور کر گیا، جس کی وجہ امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ اور پاکستان پر 19 فیصد کی شرح سے رعایتی ٹیرف عائد کرنا ہے۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح کے وقت انڈیکس میں 433 پوائنٹس تک کمی ہوئی، جس کے بعد تقریباً 12 بجے تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور بیچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 483.07 پوائنٹس یا 0.35 فیصد اضافے کے ساتھ 139,873.49 پوائنٹس پر پہنچا۔
بعد ازاں، تیزی کا رجحان برقرار رہا اور 100 انڈیکس ایک ہزار 644 پوائنٹس یا 1.18 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 41 ہزار 34 پر بند ہوا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 39 ہزار 390 پر پہنچا تھا۔
واضح رہے کہ 31 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے بتایا تھا کہ ’ہم نے ابھی پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ طے کیا ہے، جس کے تحت پاکستان اور امریکا مل کر پاکستان میں تیل کے وسیع ذخائر کو ترقی دیں گے، ہم اس وقت اُس آئل کمپنی کا انتخاب کرنے کے عمل میں ہیں جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی‘۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر عائد کردہ 25 فیصد محصولات کے مقابلے پاکستان کو رعایت دیتے ہوئے آج 19 فیصد ٹیرف عائد کیا، اس سے قبل پاکستان پر عائد محصولات کی شرح 29 فیصد تھی، نئے محصولات کا نفاذ 7 اگست سے ہوگا۔












لائیو ٹی وی