لاہور میں اسموگ سے نمٹنے کیلئے جدید ترین ڈسٹ سسپنشن سسٹم تعینات کیا جائے گا، مریم نواز
لاہور میں اسموگ کے تدارک کیلئے جدید ترین ڈسٹ سسپنشن سسٹم اسمبلنگ شروع کردی گئی، یہ سسٹم بوقت ضرورت مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ ایکس ’ پر کی گئی پوسٹ میں بتایا کہ دنیا کا پہلا آزمودہ ڈسٹ سسپنشن سسٹم 15 جدید اینٹی اسموگ گنز کے ساتھ لاہور پہنچ چکا ہے اور اسے اسمبل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ جدید فوگ کینن انتہائی باریک پانی کی دھند چھڑکتے ہیں جو مضر صحت ہوا میں موجود ذرات، بشمول PM2.5 اور PM10، کو قابو میں لا کر زمین پر بیٹھنے پر مجبور کرتے ہیں، جس سے ہوا صاف ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق اینٹی اسموگ گنز کو لاہور میں مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا اور یہ پنجاب کے ریئل ٹائم ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک اور ماحولیاتی تحفظ فورس کے ساتھ مکمل طور پر مربوط ہوں گی۔
مریم نواز نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ یہ مشینیں آلودگی کے اضافے کی صورت میں خود بخود متحرک ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ ڈیٹا، ڈرونز، کیو آر کوڈڈ بھٹوں اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹریکنگ سسٹم سے منسلک یہ اقدام ماحولیاتی قانون نافذ کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عزم، ٹیکنالوجی، جدت، اور شہریوں کی شمولیت سے ہم انشاء اللہ اسموگ کے خلاف جنگ ضرور جیتیں گے۔












لائیو ٹی وی