پاکستان نے متاثرین غزہ کیلئے الخدمت کے تعاون سے 100 ٹن امدادی سامان مصر پہنچادیا
پاکستان سے 100 ٹن امدادی سامان لے کر ایک چارٹرڈ طیارہ ہفتے کے روز مصر کے العریش انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا۔
ڈان اخبار میں شائع سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قومی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے غزہ کے عوام کے لیے انسانی ہمدری پر مبنی یہ امدادی سامان الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے روانہ کیا۔
قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے سامان وصول کر کے اسے مصری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کیا تاکہ اسے آگے فلسطینی شہریوں تک پہنچایا جا سکے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے بھیجے گئے اس سامان میں آٹا، تیار کھانے، خوردنی تیل، جام اور فروٹ کاک ٹیل شامل ہیں، یہ امداد لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے روانہ کی گئی۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق پاکستان کی حکومت اور عوام الخدمت فاؤنڈیشن کی قابل تعریف کاوشوں کے ساتھ اپنے فلسطینی بھائیوں کو درکار انسانی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
اس کھیپ کے بعد غزہ کے عوام کے لیے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی انسانی امداد 1915 ٹن تک پہنچ گئی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید کھیپیں روانہ کی جائیں گی۔
اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر الوداعی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کے علاوہ این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔












لائیو ٹی وی