میچ ریفری تبدیل نہ کرنے تک پاکستان کا ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ

شائع September 15, 2025 اپ ڈیٹ September 16, 2025
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

پاکستان نے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کھیلنے کے لیے شرط رکھ دی اور واضح کیا اگر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو قومی ٹیم ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو میچ ریفری کے خلاف باضابطہ طور پر آگاہ کردیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے باضابطہ طور پر فیصلہ کرلیا ہے کہ میچ ریفری کے ہٹانے تک پاکستان ایشیا کپ میں بقیہ میچز نہیں کھیلے گا۔

چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ٹوئٹ میں لکھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی ہے۔

محسن نقوی کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو بتایا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق اور ایم سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ میچ ریفری کو فوراً ایشیا کپ سے ہٹا دیا جائے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بھی بھارتی ٹیم پر جرمانے عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیاکپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا۔

ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی۔

بعد ازاں، پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف اختتامی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی۔

علاوہ ازیں، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کھیل میں سیاست کو لے آئے، پاکستان کے خلاف جیت کو پہلگام واقعے کے نام کر دیا تھا۔

پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں سوریا کمار یادیو نے کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کہا کہ ’آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، بھارتی آرمی کے لیے ہماری طرف سے تحفہ ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025