عمران خان نے پارٹی قیادت کو اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کرنے سے روک دیا، علیمہ خان

شائع September 23, 2025
—فائل فوٹو: ڈان
—فائل فوٹو: ڈان

سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے بھائی نے پارٹی قیادت کو ’اسٹیبلشمنٹ‘ سے رابطہ کرنے سے روک دیا ہے، اور زور دیا ہے کہ اگر وہ واقعی مذاکرات میں دلچسپی رکھتے ہیں تو اُن سے براہِ راست رابطہ کریں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے توشہ خانہ-ٹو کیس کی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہ کریں، اور اگر اسٹیبلشمنٹ بات کرنا چاہتی ہے تو براہِ راست اُن (عمران خان) سے بات کرے۔

توشہ خانہ-2 کیس پر تبصرہ کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ پچھلے ہفتے مرکزی گواہ کی ساکھ ختم ہو گئی تھی، لیکن جج نے معاملہ ختم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر احمد اور کرنل ریحان (عمران خان کے سابق فوجی سیکریٹریز) نے بھی تصدیق کی کہ تحائف کی دستاویزات مکمل تھیں، تو منطقی طور پر کیس ختم ہو چکا ہے، لیکن جج تفتیشی افسران کے بیانات ریکارڈ کر رہے ہیں، ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ کیس آئندہ دو سے تین سماعتوں میں ختم ہو جائے گا۔

القادر ٹرسٹ کیس کے حوالے سے علیمہ خان نے نشاندہی کی کہ جسٹس سرفراز ڈوگر نے پچھلے 10 ماہ سے اس کی سماعت نہیں کی، بالآخر یہ کیس اس ماہ کی 25 تاریخ کو سنا جائے گا، اور ہمیں امید ہے کہ ضمانت مل جائے گی۔

سعودی معاہدہ، کرکٹ ٹیم

پاکستان اور سعودی عرب کے معاہدے کے حوالے سے علیمہ نے کہا کہ اُن کے بھائی پہلے ہی اس معاہدے سے آگاہ تھے, اور انہوں نے اس کی تعریف کی، یہ کہتے ہوئے کہ حرمین شریفین کی حفاظت پاکستانیوں کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سے متعلق اخباری رپورٹس پر مایوسی کا اظہار بھی کیا، انہوں نے اپنے بھائی کا یہ جملہ نقل کیا کہ اکتوبر 2021 میں پاکستان نے انہی کھلاڑیوں کے ساتھ بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تشبیہ دیتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اُن کے بھائی نے محسن نقوی کی پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کا موازنہ ملک کی حکمرانی کے انداز سے کیا اور کہا کہ دونوں کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ 27 ستمبر کو پشاور میں ہونے والے عوامی جلسے میں بھرپور شرکت کریں تاکہ اسے کامیاب بنایا جا سکے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران نے جُنید اکبر اور علی امین گنڈا پور کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلسے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025