ایشین کرکٹ چیمپئن پاکستان بنے گا یا بھارت، بڑا مقابلہ اتوار کو دبئی میں ہوگا

شائع September 26, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

ایشین کرکٹ چیمپئن پاکستان بنے گا یا بھارت، فیصلہ اتوار 28 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل میں مدمقابل آئیں گے۔

ایشیا کپ کے اب 41 سال میں ہونے والے 17 ایڈیشنز میں پاکستان اور بھارت کبھی فائنل میں آمنے سامنے نہیں آسکے تھے۔

بھارت 11 مرتبہ فائنل میں پہنچا تو پاکستان نے 5 بار فائنل کھیلا لیکن ایک دوسرے کے سامنے نہ آسکے۔

بھارت نے سب سے زیادہ 8، سری لنکا نے 6 اور پاکستان نے صرف 2 بار ایشیا کپ کرکٹ کا ٹائٹل جیتا۔

تین بار پاکستان فائنل میں شکست سے دوچار ہوا، پاکستان نے آخری مرتبہ دو ہزار بارہ میں ایشیا کپ کی حکرانی حاصل کی تھی۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت اب تک 10 مرتبہ مدمقابل آچکے ہیں، 8 میں بھارت نے کامیابی حاصل کی اور 2 بار پاکستان کامیاب ہوا۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کا روایتی حریف بھارت کے ساتھ دو بار مقابلہ ہوا ہے، دونوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

14 ستمبر کو ایشیا کپ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کے 128 رنز کا ہدف بآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ذمہ دارانہ 47 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔

روایتی حریفوں کے درمیان دوسرا مقابلہ ایشیا کپ کے سپر فور راؤنڈ میں ہوا تھا، جہاں بھارت نے پاکستان کا 172 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

24 ستمبر کو پاکستان کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ گرین شرٹس ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچیں گے اور اگر روایتی حریف بھارت سے ایک بار پھر مقابلہ ہوا تو اسے بھی شکست دے سکتے ہیں، فائنل میں جو بھی ٹیم آئے اسے ہرانے کیلئے تیار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025