افغانستان کو بتانا ہوگا کہ دہشتگردی اب ناقابل برداشت ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بس بہت ہو گیا، اب افغانستان سے بات کرنا ہوگی، افغانستان کو بتانا ہوگا کہ دہشتگردی اب ناقابل برداشت ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست ہوتی رہے گی یہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے، ایک وفد کو افغان حکام سے بات کرنے کے لیے کابل بھیجنے کی تجویز دی گئی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ 40 سے 50 سالوں سے لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان میں رہائش پذیر ہیں، یہاں موجود افغان مہاجرین بڑے بڑے کاروبار کر رہے ہیں، جس مٹی سے ان کو فائدہ مل رہا ہے اس ملک کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں، یہ اب برداشت نہیں ہوگا۔
مزید کہنا تھا کہ ان لوگوں کو بھی جواب دینا ہوگا، جو ان لوگوں کو محفوظ پناہ گاہ دے رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم کچھ ایسے لوگ بھی ہیں، جو ان واقعات کی مذمت تک نہیں کرتے، یہ عمل قابل قبول نہیں ہے، ہمارے بچے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور یہاں سیاسی دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پر فرض بنتا ہے کہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں اور اپنے اختلافات کو ختم کر کے انہیں سپورٹ کریں، ہماری افواج نے جس طرح بھارت کو شکست دی ہے، وہ آج بھی اپنے زخم چاٹ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ افواج پاکستان کی وجہ سے ممکن ہوا اور پاکستان کو دنیا بھر میں ایک نیا مقام ملا، یہ صرف اور صرف جانوں کی قربانیوں کی وجہ سے ممکن ہوا، اس ایک ایشو پر ہمیں یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے، پاکستان کی حفاظت، پاکستان کا وجود اول ہے، باقی سارے مسائل بعد میں آتے ہیں۔
پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، سابق وزیراعظم
قبل ازیں، سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نےکہا ہےکہ پاکستان میں جو بھی دہشت گردی ہو رہی ہے اس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ موجود ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئےسابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ابھی کل کی ہی تو بات ہے کہ کسی طرح بھارت میں دہشتگردی کے ایک واقعہ کا بہانہ بناکر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی، وہ پاکستان پر حملہ آور ہوئے اور نہتے شہریوں کو شہید کیا گیا۔
ہم اپنی افواج پاکستان خصوصا فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی سربراہی میں ایئر فورس اور آرمی نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے اور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ناعاقبت اندیش لوگ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنا شروع کر دیتے ہیں اور ان کی باتوں میں آکر اپنی افواج اور اداروں کیخلاف باتیں کرتے ہیں، یہ ہمارے بیٹے ملک پر قربانیاں دیتے ہیں، یہ پہرہ دیتے ہیں تو ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا کوئی قبرستان ایسا نہیں، جہاں پاکستان کا جھنڈا نظر نہ آئے، لوگ اس پر فخر کرتے ہیں، اس قوم کو کوئی دہشت گرد ڈرا نہیں سکتا اور نہ ہی کوئی طاقت شکست دے سکتی ہے۔
راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ہمارے چھوٹے چھوٹے اختلاف ضرور ہو سکتے ہیں، تاہم جب پاکستان کے خلاف کوئی بات تو ہم سب ایک ہو جاتے ہیں، جس پر کسی کو اختلاف نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دشمن نے سیز فائر تو کیا ہے لیکن جنگ بند نہیں کی، ان کی افواج ہماری سرحدوں پر اب بھی موجود ہیں، اسی طرح ہماری افواج بھی مستعد اور ایک ایک چیز پر نظر رکھے ہوئے۔














لائیو ٹی وی