روہت شرما ڈھلتی عمر میں دنیا کے نمبر ون بیٹر بن گئے
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما اپنے کیریئر کے آخری دور میں ون ڈے انٹرنیشنل میں دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق روہت شرما آسٹریلیا میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے دوسرے اور تیسرے میچوں میں بالترتیب 73 اور 121 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کے بعد اس فارمیٹ میں دنیا کے نمبر ون بیٹر بن گئے ہیں، آخری میچ جیتنے کے باوجود بھارت کو سیریز میں 1-2 سے ناکامی ہوئی تھی۔
روہت شرما ان دو اننگز کی بدولت پہلی مرتبہ اپنے کیریئر میں تیسرے نمبر سے بڑھ کر پہلے نمبر پر پہنچے، حالانکہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ٹاپ 10 میں شامل رہے ہیں۔
خاص طور پر ان کی سنچری نے ان کے پوائنٹس میں زبردست اضافہ کیا اور انہیں افغانستان کے ابراہیم زدران اور بھارتی کپتان شبمن گل سے آگے پہنچا دیا۔
روہت شرما واحد بھارتی کھلاڑی نہیں جن کی درجہ بندی میں بہتری آئی، بلکہ اکشر پٹیل کو بھی آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے میچوں میں آل راؤنڈ کارکردگی پر انعام ملا، وہ باؤلرز کی درجہ بندی میں 6 درجے اوپر 31 ویں نمبر پر پہنچ گئے اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں 4 درجے اوپر آٹھویں نمبر پر آگئے۔
ٹاپ 10 میں ہونے والی دیگر تبدیلیوں میں نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر انگلینڈ کے خلاف ابتدائی 2 ون ڈے میچوں کے بعد 3 درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے جب کہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل وُڈ باؤلرز رینکنگ میں 2 درجے اوپر آٹھویں نمبر پر آگئے۔












لائیو ٹی وی