• KHI: Clear 19.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.6°C
  • ISB: Cloudy 13°C
  • KHI: Clear 19.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.6°C
  • ISB: Cloudy 13°C

دوسرا ٹی 20: پاکستان کا شاندار کم بیک، جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست، سیریز برابر

شائع October 31, 2025
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو

پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کا 111 رنز کا معمولی ہدف 14ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، اوپنر بیٹر صائم ایوب نے ناقابل شکست 71 رنز کی اننگز کھیلی، بابر اعظم 11 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔

اس موقع پر بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز والے بیٹر بن گئے، انہوں نے بھارت کے روہت شرما کا 4 ہزار 231 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے ٹی 20 میچوں میں 4 ہزار 234 رنز بنائے ہیں، انہوں نے 3 سینچریاں اور 36 نصف سینچریاں بھی اسکور کی ہیں، ٹی 20 انٹرنیشنلز میں انہوں نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ 122 رنز بنائے۔

اوپنر بیٹر صاحب زادہ فرحان 23 گیندوں پر 28 رنز بناکر کوربن بوش کی وکٹ بنے۔

اس سے قبل پاکستانی باؤلرز نے دوسرے ٹی 20 میچ کی پہلی اننگز میں تباہ کن باؤلنگ سے پروٹیز ٹیم کو صرف 110 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا، ابتدا میں سلمان ارشاد نے مہمان بیٹرز کو پریشان کیا، لوئر آرڈر کو فہیم اشرف نے نپی تلی باؤلنگ کے ساتھ میدان سے باہر کیا۔

میچ کی دوسری گیند سے آخری کھلاڑی کے آؤٹ ہونے تک پاکستانی باؤلرز نے جنوبی افریقی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہیں کیا اور 19.2 اوورز میں 110 رنز پر پوری ٹیم کو پویلین واپس بھیج دیا۔

فہیم اشرف نے 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے14 رنز دے کر 3 شکار کیے، نسیم شاہ 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے جبکہ ابرار احمد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

ریزا ہنڈریکس اننگز کی دوسری ہی گیند پر سلمان مرزا کی شاندار اندر آتی ہوئی گیند کو سمجھ نہ سکے اور کلین بولڈ ہو کر پویلین واپس لوٹے، ڈی کاک اور ٹونی ڈی زورزی 7،7 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، میتھیو بریٹزکے 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ڈیوالڈ بریوس نے پاکستانی باؤلرز کیخلاف کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 25 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے، جنوبی افریقی کپتان ڈیونون فریرا 15، جارج لینڈے 9 اور کوربن بوش 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں مہمان جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے تھی، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز ٹیم کے 195 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19ویں اوور میں 139رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

خیال رہے کہ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کا فیصلہ کن میچ یکم نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025