ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، پاکستانی کھلاڑی بھی شامل

شائع November 4, 2025
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا جس میں پاکستان کی وکٹ کیپر بیٹر سدرہ نواز بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ویمنز کرکٹ ورلڈکپ فائنل میں شامل 6 کھلاڑیوں کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں جگہ ملی ہے جب کہ پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے والی پاکستانی ٹیم کی بھی ایک کھلاڑی کو شامل کیا گیا ہے۔

ویمنز کرکٹ ورلڈکپ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھارت کی 3 کھلاڑیوں، اوپنر اسمرتی مندھانا، سیمی فائنل کی بہترین کھلاڑی جمیما روڈریگز اور ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی دیپتی شرما شامل ہیں۔

اسی طرح، بھارت کے ہاتھوں ورلڈ کپ فائنل میں شکست کھانے والی جنوبی افریقہ کی 3 کھلاڑیوں کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے، جن میں کپتان لورا وولوارڈٹ کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ایونٹ میں 571 رنز بنائے، جو ویمنز ورلڈ کپ کے کسی بھی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ ہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اینابیل سدھرلینڈ، ایش گارڈنر اور لیگ اسپنر الانا کنگ کو شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹن کو بھی شاندار کارکردگی کے باعث ٹیم میں جگہ ملی ہے، جنہوں نے اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں مدد دی، جب کہ ان کی ہم وطن نیٹ سیور-برنٹ کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے

پاکستان کی وکٹ کیپر سدرہ نواز کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ وہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل واحد کھلاڑی ہیں جن کی ٹیم سیمی فائنل تک نہیں پہنچ سکی۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ

1۔ سمرتی مندھانا (بھارت)

2۔ لورا وولوارٹ، کپتان (جنوبی افریقہ)

3۔ جمائما روڈریگیز (بھارت)

4۔ مریزان کیپ (جنوبی افریقہ)

5۔ ایشلے گارڈنر (آسٹریلیا)

6۔ دیپتی شرما (بھارت)

7۔ اینابیل سدرلینڈ (آسٹریلیا)

8۔ ناڈین ڈی کلرک (جنوبی افریقہ)

9۔ سدرہ نواز، وکٹ کیپر (پاکستان)

10۔ الانا کنگ (آسٹریلیا)

11۔ صوفی ایکلسٹون (انگلینڈ)

12۔ نیٹ اسکیور برنٹ، بارہویں کھلاڑی (انگلینڈ)

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025