انسانی اسمگلنگ کیس: صارم برنی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

شائع November 10, 2025
صارم برنی کو جون 2024 میں بچوں کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
صارم برنی کو جون 2024 میں بچوں کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

سندھ ہائی کورٹ نے دستاویزات میں ردوبدل اور بچوں کی بیرون ملک منتقلی کے کیس میں مرکزی ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دوران سماعت وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ سوا سال کے بعد فردجرم عائد کی گئی لیکن یہ سوال تک طے نہیں کیاجاسکا کہ مقدمہ کس عدالت میں چلے گا۔

وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ملزم صارم برنی جیل میں ہے، پراسیکیوشن مقدمہ چلانا نہیں چاہتی، مقدمےکا ریکارڈ بتارہا ہے کہ ایف آئی اے ہر بار نیا بہانہ بنا کر تاریخ لے لیتی ہے جب کہ صارم برنی ضمانت کے مستحق ہیں لہٰذا ان کی ضمانت منظور کی جائے۔

پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کی 6 بار ضمانت مسترد ہوچکی ہے اور وکیل صفائی غلط بیانی کر رہے ہیں، یہ خود مقدمہ نہیں چلنے دے رہے۔

مزید کہا کہ ملزم کے وکلا ہر سماعت پر نئی درخواست دائر کر دیتے ہیں، ملزم سنگین جرم میں ملوث ہے، اگر ضمانت پر باہر نکلا تو مزید جرم کرے گا۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی ضمانت ہوگئی تو گواہ اغوا ہوجائیں گے، 3 گواہ اہم ہیں، ان کا بیان ریکارڈ کرنےکا وقت دیا جائے۔

بعد ازاں، عدالت نے کیس میں مرکزی ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

واضح رہے کہ 5 جون 2024 کو ایف آئی اے نے صارم برنی کو امریکا سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا صارم برنی پر انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات ہیں، کافی عرصے سے صارم برنی کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی تھی۔

بعد ازاں، کراچی سٹی کورٹ نے صارم برنی کو بچوں کی اسمگلنگ کیس میں جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا تھا اور ملزم کی متعدد بار ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025