گووندا کی طبیعت اچانک خراب، بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل
بولی وڈ کے نامور اداکار وسیاست دان گووندا کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی اور وہ بے ہوشی کی حالت میں ممبئی کے جوہو علاقے کے کرٹی کیئر ہسپتال منتقل کر دیے گئے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹس کے مطابق گووندا گزشتہ شب طبی پیچیدگیوں اور ذہنی تناؤ کے باعث ہوش و حواس کھو بیٹھے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع کرٹی کیئر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
گووندا کے وکیل لالِت بندل کے مطابق اداکار نے منگل کی رات ڈاکٹروں سے ٹیلی فون پر مشورے کے بعد کچھ ادویات لیں، تاہم وہ الجھن کی حالت میں گر گئے، جس کے بعد انہیں بدھ کی صبح ایمرجنسی کی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا۔
لالِت بندل نے بتایا کہ 61 سالہ گووندا اس وقت طبی نگرانی میں ہیں اور مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، جب کہ ان کے علاج کے بارے میں مزید فیصلے ڈاکٹروں کی رپورٹس کے جائزے کے بعد کیے جائیں گے۔
اے این آئی نے گووندا کی منیجر شاشی سنہا کے حوالے سے بتایا کہ ڈاکٹروں کی توقع ہے کہ دوپہر کے قریب ان کی حالت کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور اس وقت بھی ان کے طبی ٹیسٹ جاری ہیں۔
شاشی سنہا نے کہا کہ گووندا ہوش میں ہیں لیکن ہسپتال کی دیکھ بھال میں ہیں۔
پیر کے روز گووندا ممبئی کے دوسرے ہسپتال میں سینئر اداکار دھرمیندر سے ملنے گئے تھے، جب دھرمیندر کی صحت خراب تھی۔
منگل کو بھارتی میڈیا میں افواہیں گردش کرنے لگیں کہ دھرمیندر چل بسے ہیں، تاہم ان کے خاندان نے اس کی تردید کر دی۔
پارٹنر، ہیرو نمبر 1، بھاگم بھاگ اور راجا بابو جیسی کامیاب بولی وڈ فلموں میں اپنے کردار اور منفرد رقص کے لیے جانے جانے والے گووندا کو صرف ایک سال سے کچھ زیادہ عرصے میں دوسری بار ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں گووندا کو اس وقت ہسپتال لے جایا گیا تھا جب وہ ایک حادثے کا شکار ہوئے، جب ان کی لائسنس یافتہ پستول غلطی سے چل گئی اور ان کی ٹانگ میں گولی لگ گئی۔
بعد ازاں انہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں ایک گھنٹے کے آپریشن کے بعد گولی نکالی گئی اور وہ تین دن ہسپتال میں قیام پذیر رہے۔












لائیو ٹی وی