لاہور: پاکستان سے 100 ٹن امدادی سامان کی 25 ویں کھیپ غزہ روانہ
پاکستان نے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 25 ویں امدادی کھیپ غزہ روانہ کردی، لاہور ایئرپورٹ سے روانہ کیے گئے امدادی سامان میں خیمے،کھانے کا ضروری سامان سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اٹھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر پاکستان غزہ کے عوام کے لیے اپنا غیر متزلزل تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان کی سرپرستی میں این ڈی ایم اے نے لاہور ایئرپورٹ سے الخدمت کی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کرنے کی سہولت فراہم کی۔
اس کھیپ میں بے گھر خاندانوں کی مدد کے لیے خوراک کے علاوہ ضروری امدادی اشیا بشمول خیمے، ٹارپولین شیٹس اور جیری کین شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اب تک غزہ کے لیے 25 امدادی قافلے روانہ کر چکا ہے، جن میں کل 2 ہزار 427 ٹن امداد شامل ہے۔
امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے عوامی امور رانا مبشر اقبال، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے اہلکاروں نے شرکت کی۔












لائیو ٹی وی