• KHI: Clear 17.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.8°C
  • KHI: Clear 17.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.8°C

اولڈ ایج ہوم میں ماؤں کی بےبسی پر دل ٹوٹ گیا، اولاد کی بے رحمی ناقابلِ فہم ہے، پروین اکبر

شائع November 18, 2025
—فوٹو: اسکرین گریب
—فوٹو: اسکرین گریب

سینئر اداکارہ پروین اکبر نے اولڈ ایج ہوم کے اپنے دورے کا دردناک تجربہ شیئر کیا، جہاں ماؤں کی بے بسی اور اولاد کی بے رخی نے انہیں گہرے صدمے میں مبتلا کردیا۔

پروین اکبر نے حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اولڈ ایج ہوم سے متعلق اپنے انتہائی تکلیف دہ تجربے کو بیان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ دن قبل وہ کراچی کے ایک اولڈ ایج ہوم گئی تھیں، جہاں موجود مناظر نے انہیں اس قدر متاثر کیا کہ وہ واپسی کے بعد تین دن تک شدید ڈپریشن میں مبتلا رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی آنکھوں کے سامنے بار بار ایسی ماؤں کے چہرے آرہے تھے جو اپنی اولاد کی ایک جھلک دیکھنے کو ترس رہی تھیں۔

اداکارہ کے مطابق اولڈ ایج ہوم میں کچھ خواتین ذہنی طور پر اچھی حالت میں نہیں لگ رہی تھیں اور وہ اپنی اولاد کے لیے بے حد بے چین تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہاں موجود ایک خاتون انہیں خاصی پڑھی لکھی محسوس ہوئی، جب انہوں نے ان سے پوچھا کہ وہ یہاں کیا کر رہی ہیں تو خاتون نے جواب دیا کہ اس سوال کا جواب ان کے بچوں سے لیا جائے۔

پروین اکبر نے بتایا کہ اس خاتون کے چار بچے تھے، دو بیٹے اور دو بیٹیاں، لیکن بچوں کے نزدیک وہ شاید بوجھ بن گئی تھیں، اسی لیے انہوں نے اپنی والدہ کو اولڈ ایج ہوم میں چھوڑ دیا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اس خاتون نے انہیں بتایا کہ وہ اپنی بیٹیوں کے گھر جا نہیں سکتیں اور بیٹے انہیں اپنے پاس رکھنے کو تیار نہیں تھے، اسی لیے وہ انہیں اولڈ ایج ہوم میں چھوڑ گئے۔

پروین اکبر کے مطابق اس عورت کی آنکھوں میں اپنی اولاد کی ایک جھلک دیکھنے کا جو انتظار تھا، ممکن ہے کہ وہ اس کی زندگی میں کبھی پورا نہ ہو۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکثر وہ جب ایسی جگہوں پر جاتی ہیں تو خواتین کی ذہنی حالت اس قدر خراب ہوتی ہے کہ وہ دیواروں سے بھی باتیں کر رہی ہوتی ہیں۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ آخر وہ کون سی اولادیں ہیں جو اپنے والدین کو اس طرح بے آسرا چھوڑ دیتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025