ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان شاہینز کی یو اے ای کو شکست، سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز ٹیم ناقابل شکست رہتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، تاہم پاکستانی باؤلرز کی عمدہ کارکردگی نے حریف ٹیم کو 18 اوورز میں صرف 59 رنز پر ہی ڈھیر کر دیا۔
پاکستان شاہینز نے 60 رنز کا ہدف صرف 5.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان شاہینز کی طرف سے سفیان مقیم نے 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، احمد دانیال اور معاذ صداقت نے بالترتیب 7 اور 19 رنز دے کر 2، 2 کھلاڑی آؤٹ کیے، شاہد عزیز، محمد شہزاد اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
شاہینز کی اننگز میں معاذ صداقت ایک بار شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹر نے عمان کے خلاف 96 اور بھارت اے کے خلاف 79 رنز بنائے تھے اور دونوں مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
محمد نعیم ایک چھکے کی مدد سے 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، غازی غوری 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 21 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے ابتدائی دونوں میچز میں بالترتیب عمان اور روایتی حریف بھارت کو شکست دی تھی۔












لائیو ٹی وی