حکومت پنجاب نے کالعدم ٹی ایل پی کے 23 ارب سے زائد کے اثاثے منجمد کردیے
حکومت پنجاب نے کالعدم انتہا پسند جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے عہدے داروں کے 23 ارب 40 کروڑ کے اثاثے منجمد کر دیئے جب کہ 9 فنانسرز کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت پنجاب نے احتجاج کے نام پر نفرت فتنہ پھیلانے والی فنڈنگ جام کر دی۔
صوبائی حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے 92 بینک اکاؤنٹس اور جاز کیش سمیت تمام ڈیجیٹل اکاؤنٹس جام کر دیئے۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان پر غیرمعمولی اجلاس ہوا جس میں پنجاب حکومت نے باقی صوبوں میں بھی کالعدم انتہا پسند جماعت کے خلاف پنجاب جیسی یکساں کاروائی کے لئے وفاقی حکومت سے درخواست کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اجلاس کے دوران شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ سوشل میڈیا پر ملکی سلامتی کے خلاف مواد شئیر کرنے پر 31 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعلی مریم نواز نے کومبنگ آپریشن مستقل جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
اجلاس میں پنجاب میں اسلحہ لے کر چلنے کے لئے ایس او پیز وضح کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جب کہ مریم نواز نے اسلام آباد حملے کے پیش نظر سرویلنس مزید بڑھانے کی ہدایت کر دی۔
مریم نواز نے آئمہ کرام کو پریشان نہ کرنے اور احترام ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئمہ کرام نماز پڑھاتے ہیں، نہیں چاہتے کہ وہ چندے کے لئے ہاتھ پھیلائیں جب کہ پنجاب کے کسی شہر میں وال چاکنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔












لائیو ٹی وی