• KHI: Partly Cloudy 27°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 19.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 27°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 19.8°C

ملتان سلطانز کی ویلیوایشن میں نظرانداز کرنے پر پی سی بی کیخلاف قانونی کارروائی کی دھمکی

شائع November 19, 2025
گزشتہ ہفتے پی ایس ایل نے 2 نئی فرنچائز ٹیموں کا اعلان کیا تھا، ٹینڈر عمل جلد شروع ہونے والا ہے۔ — فوٹو: ڈان
گزشتہ ہفتے پی ایس ایل نے 2 نئی فرنچائز ٹیموں کا اعلان کیا تھا، ٹینڈر عمل جلد شروع ہونے والا ہے۔ — فوٹو: ڈان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز اور ملک کے کرکٹ بورڈ کے درمیان دراڑیں بدھ کے روز مزید گہری ہوگئی ہیں، فرنچائز کے مالک علی خان ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے فرنچائز کی ویلیوایشن اور تجدید (ری نیوول) کا لیٹر فراہم نہ کرنے پر قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔

گزشتہ ماہ دونوں فریقین کے درمیان کشیدگی میں اُس وقت اضافہ ہوا تھا، جب علی ترین نے عوامی طور پر پی ایس ایل انتظامیہ پر بدانتظامی، مخصوص معلومات کے لیک ہونے، اور ویلیوایشن میں عدم شفافیت کے الزامات لگائے تھے۔

گزشتہ ہفتے پی ایس ایل نے 2 نئی فرنچائز ٹیموں کا اعلان کیا تھا، جن کے لیے جلد ہی ملکیتی حقوق کی فروخت کا ٹینڈر عمل شروع ہونے والا ہے، جبکہ موجودہ ٹیموں اور دیگر کمرشل اثاثوں کی آزادانہ ویلیوایشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

علی ترین نے آج ایک بار پھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا، اور کہا کہ ’چوں کہ پی سی بی ہم سے بات نہیں کر رہا، اس لیے ہمیں یہ یہاں کہنا پڑ رہا ہے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ گزشتہ ایک ماہ میں ہم نے پی ایس ایل مینجمنٹ کو کئی ای میلز بھیجی ہیں، جن میں اپنی ویلیوایشن اور ری نیوول لیٹر کا مطالبہ کیا ہے (جو ہر دوسری ٹیم کو مل چکا ہے)، لیکن ہمیں کوئی جواب نہیں ملا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’ہمارے قانونی خط کا کوئی جواب نہیں، ای میلز کا کوئی جواب نہیں، چیئرمین کو بھیجے گئے میرے خط کا بھی کوئی جواب نہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ دیگر فرنچائزز کے نمائندوں نے بھی پوچھا ہے کہ ملتان کو ویلیوایشن اور تجدید کے عمل میں شامل کیوں نہیں کیا جا رہا، لیکن وہاں بھی کوئی جواب نہیں دیا جاتا۔

ترین نے کہا کہ جو لوگ پوچھ رہے ہیں کہ یہ سب بند دروازوں کے پیچھے کیوں نہیں ہو رہا، تو اس کی وجہ یہی ہے کہ پی ایس ایل مینجمنٹ ہم سے بات کرنے سے انکار کر رہی ہے۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اگر پی سی بی کی طرف سے یہ ’گوسٹنگ‘ (جان بوجھ کر نظر انداز کرنا) جاری رہا تو وہ قانونی کارروائی کریں گے، اگرچہ یہ وہ آخری چیز ہے جو فرنچائز کرنا چاہے گی۔

ترین کے مطابق، یہ پوری صورتحال بالکل غیر ضروری ہے، اور اسے چائے بسکٹ پر ہی آسانی سے حل کیا جا سکتا تھا، لیکن کمزور آنا ہی آسان کاموں کو مشکل بنا دیتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عقل غالب آئے، لیکن ساتھ ہی کہا کہ ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔

گزشتہ ہفتے لیگ کی ویلیوایشن مکمل ہونے کے بعد پی سی بی نے کہا تھا کہ نئے فرنچائز فیسوں کی عکاسی کرنے والے ری نیوول آفر لیٹرز تمام قواعد کی پابندی کرنے والی فرنچائزز کو باقاعدہ بھجوا دیے گئے ہیں، اور انہیں مقررہ مدت میں اپنا فیصلہ دینے کا کہا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ شفافیت کو یقینی بنانے اور بہتر سمجھ فراہم کرنے کے لیے، پی سی بی نے فرنچائز نمائندوں اور آزادانہ ویلیوایٹر کے درمیان اجتماعی اور انفرادی ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا ہے۔

یہ سیشنز فرنچائزز کو ویلیوایشن کے طریقہ کار کا جائزہ لینے اور اپنے سوالات پوچھنے کا موقع دیں گے۔

گزشتہ ماہ ترین نے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کے طور پر پی سی بی کو ایک تجویز بھی دی تھی، جس کا مقصد بہتر گورننس، شفافیت اور شراکت داری کے ذریعے پی ایس ایل کو مضبوط کرنا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025