پی سی بی نے پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں سے متعلق تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں سے متعلق تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرنچائز کا نام منتخب کرنا مالک کا اختیار ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز کے لیے دو نئی ٹیموں کے ممکنہ شہروں کے حوالے سے پھیلتی افواہوں سے متعلق پی سی بی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ 15 دسمبر کے بعد کیا جائے گا۔
گزشتہ ہفتے پی ایس ایل نے تصدیق کی تھی کہ نئی دو فرنچائز ٹیموں کے نام حیدرآباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے منتخب کیے جائیں گے۔ یہ فہرست اس وقت طے کی گئی جب نئی ٹیموں کی ویلیوایشن رپورٹس پی سی بی کو موصول ہو گئیں۔
پی سی بی نے آج ایک بیان میں کہا کہ میڈیا میں گردش کرنے والی اُن خبروں کی تردید کی جاتی ہے جن میں نئی ایچ بی ایل پی ایس ایل فرنچائزز کے لیے دو شہروں کے نام فائنل ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
مزید کہا گیا کہ پی سی بی واضح کرنا چاہتا ہے کہ طریقہ کار کے مطابق کامیاب بولی دہندگان کو حق ہوگا کہ وہ بولی کے دستاویزات میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مذکورہ شہروں/ٹیم کے ناموں میں سے کسی بھی شہر کے نام کو اپنی ٹیم کے لیے منتخب کریں۔
بورڈ نے یہ بھی کہا کہ اسے دو نئی ٹیموں کے فرنچائز حقوق کے حصول میں بڑھتی دلچسپی دیکھ کر خوشی ہے۔
پی سی بی کے مطابق ٹیم فرنچائز حقوق کے لیے ٹینڈر کا عوامی اشتہار 15 نومبر کو شائع کیا گیا تھا۔
مزید بتایا گیا کہ ٹیکنیکل پروپوزلز جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر 2025 صبح 11 بجے ہے۔
پی ایس ایل کا آغاز 2016 میں پانچ ٹیموں کے ساتھ ہوا تھا، اور 2018 میں ملتان سلطانز کے اضافے کے ساتھ فرنچائزز کی تعداد 6 ہوگئی تھی جب کہ 2 مزید ٹیموں کی شمولیت 7 سال بعد پہلی بڑی تنظیم نو ہوگی اور مجموعی ٹیموں کی تعداد 8 تک پہنچ جائے گی۔












لائیو ٹی وی