ابوظہبی ٹی10 لیگ: اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر امریکی کرکٹر معطل
امریکی کرکٹر اکھیلیش ریڈی پر آئی سی سی نے انسدادِ بدعنوانی کوڈ کی تین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کر دیا ہے اور انہیں فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق یہ الزامات ابوظہبی ٹی10 لیگ کے دوران مبینہ بدعنوانی کے واقعات سے متعلق ہیں، جہاں ریڈی اِسپن اسٹیلینز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اب تک دو میچوں میں حصہ لے چکے ہیں۔
ریڈی پر انسدادِ بدعنوانی کوڈ کی درج ذیل شقوں کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے:
آرٹیکل 2.1.1 – میچ فکسنگ، غیر قانونی طور پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرنا، یا کسی معاہدے یا کوشش کا حصہ بننا
آرٹیکل 2.1.4 – کسی دوسرے شرکا کو آرٹیکل 2.1.1 کی خلاف ورزی پر اکسانا، راغب کرنا، حکم دینا، قائل کرنا، حوصلہ افزائی کرنا، مدد فراہم کرنا یا اس کی کوشش کرنا
آرٹیکل 2.4.7 – تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا، یعنی موبائل ڈیوائس سے ڈیٹا اور پیغامات حذف کرنا جو انکوائری کے لیے ضروری ہو سکتے تھے۔
25 سالہ ریڈی نے اس سال کے اوائل میں اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کیا تھا، جب انہوں نے نارتھ امریکا ٹی20کپ میں امریکا کے لیے 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے، انہیں الزامات کا جواب دینے کے لیے 14 دن کی مہلت دی گئی ہے۔












لائیو ٹی وی